حوت بارہواں برج ہے۔ اس کے حاکم سیارے نپچون اور مشتری ہیں۔ عنصر پانی ہے۔ اس برج کا نشان مخالف سمتوں میں تیرتی مچھلیاں ہیں۔
اس برج کے حاکم سیارے دو ہیں۔ مشتری خوش قسمتی، صحت اور کامیابی کی علامت ہے۔ یہ ذہانت، علم اور خوشحالی کا سیارہ ہے۔ نپچون ایک شدید احساس ذمہ داری کی علامت ہے۔ یہ حقیقت سے فرار کی بھی علامت ہے لیکن فنون لطیفہ کا بھی اس سیارے سے گہرا تعلق ہے۔
حوت کا نشان دو مچھلیاں ہیں۔ ایک دوسرے کی مخالفت سمیت میں تیرتی مچھلیاں، اسی طرح حوت افراد کی شخصیت کے بھی دو روپ ہوتے ہیں۔ ان میں کسی بھی لمحے اپنے روئیے، نکتہ نظر اور اپنے آپ کو بدلنے کی حیرت انگیز صلاحیت ہوتی ہے۔ ان کے اندر چھپی دوسری شخصیت کبھی بھی ان پر غالب آسکتی ہے۔
یہ ذہنی، جسمانی اور جذباتی کسی قسم کی تبدیلی قبول نہیں کرتے۔ ایسی صورت میں یہ بے چینی محسوس کرنے لگتے ہیں۔ جس طرح مچھلی گہرے پانی کی بجائے اگر کنوئیں یا حوض میں تیر رہی ہو تو پریشان رہتی ہے۔ مچھلی کو کم پانی میں مقید کرنا گویا پرندے کو پنجرے میں بند کرنے کے مترادف ہے۔
پانی اس برج کا عنصر ہے۔ سرطان اور عقرب کی طرح حوت بھی خاموشی اور پر اسراریت رکھتا ہے جیسے سمندر۔
برج حوت منطقہ البروج کا بارہواں او آخری برج ہے۔ اس سے تعلق رکھنے والے افراد عموماً خوابوں کی دنیا میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ حساس فطرت کے مالک اور ذہین ہوتے ہیں۔ مگر یہ کم گو اور شرمیلے بھی ہوتے ہیں۔ نہ یہ اپنی خوبیوں کا اظہار کرتے اور نہ دوسروں سے ان کا تذکرہ سننا پسند کرتے ہیں۔
انہیں سست الوجود اور کاہل سمجھا جاتاہے۔ مگر یہ اپنی گھریلو اور دفتری ذمہ داریوں سے کبھی فرار نہیں چاہتے۔ انہیں ہمیشہ پوری کرتے ہیں۔
یہ خود کو صورت حال کے مطابق ڈھالنا جانتے ہیں۔ یہ دوسروں کی مدد کرتے ہیں اور یہ مدد کسی خاص مقصد یا خاص لوگوں کے لیے محدود نہیں ہوتی۔ یہ صرف مدد کے جذبے کے تحت ہر شخص سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ بہت سے لوگ ان کی اس عادت اور نرم روئی سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں اور حوت افراد یہ جاننے کے باوجود بھی ان سے اختلاف نہیں کرتے۔
یہ مہربان، ہمدرد اور ذمہ دار ہوتے ہیں۔ اس لیے لوگ مشکل حالات میں انہی سے رجوع کرتے ہیں۔
حوت افراد آرٹسٹ فطرت رکھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کے رویے میں شرم اور جھجک ہوتی ہے۔ یہ غیر حقیقت پسند بھی ہوتے ہیں۔ ان کے متعلق مشہور ہے کہ یہ دنیا کہ رنگین شیشوں کی عینک لگا کر دیکھتے ہیں اور اسے پھولوں کی سیج سمجھتے ہیں۔
یہ ہمیشہ پر امید رہتے ہیں۔ بد ترین حالات میں بھی ضبط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتے۔ انجانے اندیشے اور مستقبل کا خوف انہیں پریشان نہیں کرسکتا۔
یہ ماضی کی خوشگوار یا دوں سے مسرور اور مسقبل سے بے خبر حال میں زندگی گزارتے ہیں۔
یہ خوابوں کی دنیا کے باسی ہوتے ہیں۔ چلتے پھرتے بھی خواب دیکھتے ہیں۔ لیکن یہ امکان ہر وقت موجود رہتا ہے کہ یہ اپنی تمام تر خامیوں کے باوجود سنہری کارنامے انجام دے کر شہرت اور کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ لڑائی جھگڑے سے بھاگتے ہیں ان کے مزاج میں ایک خاص قسم کا ٹھہرائو اور دھیما پن ہوتا ہے۔ اگر کبھی لڑائی کا موقع آ بھی جائے تو یہ بحث و مباحثے یا جھگڑے کو بڑھانے کی بجائے مفاہمت کی راہ اختیار کرتے ہیں۔
یہ دوسروں سے ہمدردانہ اور مخلصانہ سلوک کرتے ہیں۔
ان میں زبردست تخلیقی صلاحیت ہوتی ہے۔ اگر یہ اپنی صلاحیتیں ایک جانب مرکوز کردیں تو بڑا نام پیدا کرتے ہیں۔ ادیب، شاعر، اداکار اور فلاسفر ثابت ہوتے ہیں۔
حوت افراد میں اکثر حس مزاح زیادہ ہوتی ہے۔ یہ اپنے اردگرد کے افراد کو ہنسانے کے ماہر ہوتے ہیں۔
محبت ان افراد کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ یہ فلرٹ نہیں کرتے۔ کسی کو دھوکہ دینا، اس کے جذبات سے کھیلنا ان کے بس کی بات نہیں۔ یہ جس سے بھی محبت کریں ٹوٹ کر کرتے ہیں۔ محبت کو ایک مقدس فریضے کی طرح سمجھتے ہیں۔
محبت ان کی کمزور سمجھی جاتی ہے۔ جب کوئی شاہرہ محبت پر ان کی طرف بڑھتا ہے تو یہ بغیر کسی مزاحمت کے اس کے ساتھ چل پڑتے ہیں اور جلد ہی خود کو ایسی محبت میں مبتلا پاتے ہیں۔ جسے پانے کی انہوں نے کبھی آرزو نہیں کی ہوتی۔
محبت میں یہ کبھی بہت خوش اور کبھی اداس اور مایوسی کا شکار ہوتے ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ ان کے موڈ کی تبدیلی کی کوئی وجہ ہو۔
دوسرے برجوں کے افراد میں ان کے تعلقات سرطان اور عقرب کے ساتھ بہت اچھے، جدی، دلو، حمل اور ثور کے ساتھ اچھے۔ قوس، سنبلہ اور جوزا کے ساتھ غیر یقینی اسد اور میزان کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔
حوت افراد کی خوش قسمتی کا عدد ۷ ہے۔ نیلے اور سبز رنگ کے تمام شیڈ اور سفید رنگ ان کے لیے موافق ہے۔
٭ زمردان کے لیے سعد پتھر ہے۔
اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں۔
٭ ڈاکٹر ہیو گو (نامور ادیب۔ ہنچ بیک آف نو ٹرے ڈیم کا خالق)
٭ مائیکل اینجلو (نامور مصور)
٭ الزبتھ ٹیلر (مشہور اداکارہ)
٭ جیری لوئیس (نامور مزاحیہ اداکار)
٭ البرٹ آئن سٹائن (مشہور سائنس دان، نظریہ اضافیت دریافت کرنے والا)
٭ جارج واشنگٹن (امریکہ کا پہلا صدر)
٭ الیگزینڈر گراہم بل (ٹیلیفون کا موجد)
حوت خواتین
حوت خواتین سحر انگیز شخصیت کی مالک ہوتی ہیں۔ ان کے حسن میں بلا کی کشش اور پر اسراریت ہوتی ہے۔ آپ کسی حوت عورت کی آنکھوں کے جادو سے نہیں بچ سکتے۔ انہیں آنکھوں آنکھوں میں بات کرنے میںکمال حاصل ہوتا ہے۔
کسی حساس ریڈار کی مانند دوسرے کی قلبی کیفیت کا فوراً اندازہ لگا لیتی ہے۔
یہ متلون مزاج ہوتی ہے۔ اس کی زندگی میں سکوت نہیں ہوتا۔ پل میں تولہ پل میں ماشہ کے مصداق ان کا موڈ تیزی سے بدلتا ہے۔
یہ مفاد پرست، خود غرض یا لالچی نہیں ہوتی۔ بلکہ دوسروں کے لیے ایثار کرنے والی اور ان کے کام آنے والی ہوتی ہے۔ دوسروں کے جذبات سمجھنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ دوسروں کی بے لوث خدمت کرکے اسے لطف محسوس ہوتا ہے۔
حوت عورت کو غصہ بہت کم آتا ہے اور آتا بھی ہے تو یہ اس کا اظہار کم ہی کرتی ہے۔ اس کا غصہ برف کی مانند ہوتا ہے جو تھوڑی دیر میں پگھل جاتی ہے۔ لیکن اس کی محبت تیز اور چمکیلی دھوپ کی طرح ہوتی ہے جو زندگی کی علامت ہے۔
مشکل اور پیچیدہ حالات کا مقابلہ حوت عورت کے بس سے باہر ہوتا ہے۔ ایسے میں یہ فرار کی راہ اختیار کرتی ہے اور فرار کی یہ راہ عموماً نشہ آور اشیاء میں پوشید ہوتی ہے۔
وہ مقابلے کی بجائے رنگین خواب دیکھنا پسند کرتی ہے۔ یہ کم گو اور آسانی سے گھلنے ملنے والی نہیں ہوتی۔ حالانکہ برج شناس ماہرین حوت عورت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ لوگوں سے روابط بڑھائے اور متحرک رہے اور منفی سوچ کو ذہن سے نکالنے کی بھرپور کوشش کرے کیونکہ یہ حوت عورت کی بڑی خامیوں میں سے ایک ہے کہ وہ اپنے آپ پر یقین نہیں رکھتی اور اپنے نکتہ نظر کو غلط خیال کرتی ہے۔
حوت عورت اچھی بیوی ثابت ہوتی ہے۔ یہ وفادار اور حساس ہوتی ہے اور اپنے شریک حیات کو معاشی اور دیگر پریشانیوں سے بچانے کی پوری کوشش کرتی ہے لیکن اس میں ایک سے زائد شادیاں کرنے کا عموماً رجحان پایا جاتا ہے۔
کیونکہ اس کی فطرت میں گاہے بگاہے تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ جنہیں ان کا شوہر سمجھ نہیں پاتا اور غلط فہمی جنم لیتی ہے۔
یہ عالم نوجوانی میں شادی کرتی ہے اور جب اس کا شعور مکمل طور پر بیدار ہوتا ہے تو اسے یہ احساس ہونے لگتا ہے کہ اس کا انتخاب صحیح نہیں تھا۔
یہ جس کو چاہتی ہے تو اس کی روح تک میں سما جانے کی خواہش کرتی ہے۔ ایسے میں شریک حیات کی بے حسی اور جذباتی کمزوری سے اس سے علیحدگی پر مائل کرتی ہے۔
نامور اداکارہ الزبتھ ٹیلر اس برج سے تعلق رکھتی ہے اور اب تک ۸ شادیاں کرچکی ہے۔
علم فلکیات کے مطابق وہ حوت عورتوں کے اس گروہ سے تعلق رکھتی ہے جو غیر معمولی طور پر خوبصورت ہوتی ہیں۔ مگر ہمیشہ اپنے لیے نامناسب شریک حیات چنتی ہیں۔
محبت کے معاملے میں حوت عورت اکثر فریب دہی کا نشانہ بن جاتی ہے۔ وہ مرد کے ظاہر و باطن کو سمجھنے میں عموما غلطی کرتی ہے اور نتیجہ گہرے صدمات کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔
حوت وعورت آرام دہ گھریلو ماحول پسند کرتی ہے۔ وہ اپنے گھر کو پر سکون بنانے کی خواہش مند ہوتی ہے۔
وہ گھریلو زندگی کے لیے مناسب رہتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ حوت عورت کو ہمیشہ دوسروں کی ضرورتوں اور خواہشوں کا خیال ہی نہیں رکھنا چاہیے۔
اور اپنے مسائل کونظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ بلکہ اسے ان معاملات میں تھوڑا سا خود غرض بننا چاہیے اور اپنی ذات سے بھی محبت کرنا چاہیے۔ اپنے دوستوں اور عزیزوں کے غم میں ہی پاگل نہیں ہونا چاہیے۔
حوت خواتین کے لیے کس برج کے افراد اچھے شریک حیات ثابت ہوں گے۔ اس بارے میں ماہرین کی آراء کی روشنی میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
حوت عورت اور حوت مرد
یہ پارٹنرشپ بالعموم کامیاب ثابت ہوتی ہے۔
حوت مرد اور حوت عورت طبعاً محبت میں ایک دوسرے سے وفادار ہوتے ہیں۔ دونوں زیادہ عرصہ تک ایک دوسرے سے خفاء نہیں رہ سکتے۔ ان کے درمیان گہرا جذباتی تعلق قائم ہوتا ہے۔
لیکن یہ دونوں ہی فیصلے کی قوت سے محروم ہوتے ہیں۔ اس شعبے میں کوئی تیسرا شخص ان کی مدد کرتا ہے۔
مجموعی طور پر دونوں اچھی زندگی بسر کرتے ہیں۔
حوت عورت اور عقرب مرد
دونوں اچھے شریک حیات ثابت ہوتے ہیں۔
دونوں کا بنیادی عنصر پانی ہے۔
حوت عورت کا مزاج گھریلو قسم کا ہوتا ہے اور عقرب مرد اس بات کو پسند کرتا ہے۔ دونوں میں بہت کم جھگڑا ہوتا ہے۔ دونوں خوشگوار زندگی گزارتے ہیں۔
حوت عورت اور سرطان مرد
یہ رفاقت کامیاب رہتی ہے۔
دونوں کا تعلق پانی سے ہے۔ دونوں موڈی ہوتے ہیں۔ سرطان مرد کا مزاج پل پل بدلتا رہتا ہے۔
اور حوت عورت بھی ایسی ہی ہوتی ہے۔ دونوں فنون لطیفہ سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ زندگی کے بارے میں دونوں کا نظریہ یہ ہوتا ہے کہ زندگی محبت کے لیے ہوتی ہے۔ دونوں میں معمولی اختلافات تو ہوتے ہیں۔ مگر مجموعی طور پر یہ اچھے ہمسفر ثابت ہوتے ہیں۔
٭________________٭
مزید تفصیل کے لیے ہر
ماہ شائع ہونے والا ماھنامہ "راہنمائے عملیات" پڑھیں۔ قیمت 60/- روپے
(علاوہ ڈاک خرچ)۔ زر سالانہ 850/- روپے بذریعہ رجسٹر ڈاک۔ زر سالانہ ادا کرنے سے
آپ کو گھر بیٹھے ہر ماہ ماھنامہ "راہنمائے عملیات" بذریعہ رجسٹر ڈاک مل
جائے گا۔ (ادارہ)
کسی بھی قسم کی معلومات
کے حصول کے لیے رابطہ کریں۔
8442060 -0300
36374864 -042
اوقات کار:۔ صبح 11:00
بجے تا شام 06:00
تعطیل:۔ اتوار
www.khalidrathore.com
Facebook:
Rehnuma-e-amliyat
Blogger:
www.khalidrathor.blogspot.com
ایڈریس:۔ خالد اسحاق
راٹھور، مکان نمبر 2، گلی نمبر 11، محمد نگر گڑھی شاہو، لاہور۔
No comments:
Post a Comment