سرطان چوتھا برج ہے۔ اس کا حکمران سیارہ قمر ہے، جو ہمدردی اور خلوص کی علامت ہے۔ اس کا نشان کیکڑا ہے اور عنصر پانی۔
برج سرطان کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد جذباتی اور حساس ہونے کے ساتھ ساتھ ہمدرد اور گرم جوش شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے اُنہیں دلی محبت ہوتی ہے یہ الگ بات ہے کہ بالعموم وہ اس بات کو ظاہر نہیں کرتے۔
ان کی مثبت خصوصیات میں رحمدلی، محتاط طرز عمل، فرض شناسی اور منفی خصوصیات میں موڈ کے تابع ہونا، بزدلی منتقم مزاجی اور افسردگی شامل ہیں۔
عنصر پانی اور سیارہ قمر کے تابع رہنے والے اس برج کے افراد کی شخصیت بڑی منفرد ہوتی ہے۔ وہ اپنے بنیادی عنصر پانی کی ہی طرح ہوتے ہیں خاموش، پراسرار اور طاقتور۔ جس طرح چاند ہر رات پہلی رات سے مختلف ہوتا ہے گھٹتا بڑھتا رہتا ہے۔ اسی سرح سرطان افراد کی شخصیت بھی چاند کی طرح بدلتی رہتی ہے۔
سرطان لوگ موڈی ہوتے ہیں۔ اُن کا موڈ روزانہ بدلتا رہتا ہے۔ اس لیے جو لوگ ان سے بخوبی واقف نہیں ہوتے۔ وہ ان کی ناراضگی مول لے سکتے ہیں۔ اپنے معاملات میں کسی دوسرے کی مداخلت پسند نہیں کرتے چاہے وہ کتنا ہی قریبی کیوں نہ ہو۔ وہ اصول پسند ہوتے ہیں۔
ہمدردی اُن کے مزاج کا اہم جزو ہے۔ دوسروں کی مدد کرنا ان کے لیے باعث مسرت ہوتا ہے۔ خاص طور پر دوستوں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ اگرچہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں سے میل جول رکھنا پسند کرتے ہیں۔ لیکن اپنے بارے میں گفتگو پسند نہیں کرتے۔ یہ بڑے حساس اور نازک مزاج ہوتے ہیں۔ مگر اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہیں اور چہرے سے دل کی بات ظاہر نہیں ہونے دیتے۔
سرطان افراد کتنے ہی دولت مند کیوں نہ ہوں خود کو کبھی مالی طور پر محفوظ تصور نہیں کرتے، ہر وقت اپنی دولت میں اضافے کی نئی نئی تدبیریں سوچتے رہتے ہیں۔ یہ فضول خرچ نہیں ہوتے مگر جن سے دلی اور جذباتی وابستگی ہوتی ہے اُن کے لیے پیسہ پانی کی طرح بہانے سے دریغ نہیں کرتے۔
یہ کوئی کام عجلت میں نہیں کرتے اور اس پر یقین رکھتے ہیں کہ ہر کام کا ایک وقت مقرر ہے۔ روایات کے مطابق ان کی محبت مثالی ہوتی ہے۔ ماضی سے تعلق رکھنے والی ہر شے کو سنبھال کر رکھتے ہیں۔ تمام سرطان افراد کو نوادرات اور عجائب گھروں سے خاص دلچسپی ہوتی ہے۔ وہ لذیذ کھانوں کے رسیا ہوتے ہیں۔ اور ان میں سے بیشتر خود بھی اچھے خانساماں ہوتے ہیں۔
محبت اُن کی زندگی کا اہم جزو ہوتی ہے۔ اس کے بغیر یہ خود کو نامکمل محسوس کرتے ہیں اور جس سے محبت کرتے ہیں اُسے خوش رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ لیکن سرطان مرد اس وقت تک محبت کا اظہار نہیں کرتا جب تک اُسے یقین نہ ہو جائے کہ مقابل بھی سنجیدہ ہے۔
سرطان افراد کا موافق عدد ۲ ہے۔ زرد اور سبز رنگ مفید ہیں۔ زمرد اور سیاہ موتی پہننا اُن کے لیے مفید ہے۔ دوسرے برجوں کے افراد میں سے ان کے تعلقات عقرب اور حوت کے ساتھ بہت اچھے، ثور، جوزا، اسد اور سنبلہ کے ساتھ اچھے، حمل، میزان اور جدی کے ساتھ غیر یقینی اور قوس و دلو کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔ اِس برج کی اہم شخصیات میں سے چند یہ ہیں۔
ہیلن کیلر، کنگ ہنری ہشتم، جیناللو بریجیڈا، جون دی واک فیلر، جولیس سیرز، انگڑبر گمین، پل پرائنر، لاری فرگوسن، ارنسٹ ہمینگولے، ڈیوک آف ونڈسر۔
سرطان خواتین
سرطان خواتین کی شخصیت بڑی پر کشش اور متاثر کرنے والی ہوتی ہے۔ لیکن ابتدائی چند ملاقاتوں سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ سرطان عورت چاند کی چاندنی جیسی ٹھنڈک بخشنے والی ہے یا چکور کی طرح بے چین۔ وہ موڈی ہوتی ہے اور بے حد حساس طبیعت کی مالک اس کی شخصیت پر چاند کے گہرے اثرات پائے جاتے ہیں۔
پر کشش، پل پل رویہ بدلنے والی، ایک نگاہ میں تسخیر کر لینے والی اور لمحہ بھر میں مشتعل ہو جانے والی۔ وہ ایک ایسی مکمل عورت ہوتی ہے جس میں نسانیت گویا کوٹ کوٹ بھری گئی ہو۔
سرطان عورت محبت میں ایک دھماکے سے داخل نہیں ہو جاتی، بلکہ دھیرے دھیرے خاموشی سے اس میدان میں قدم رکھتی ہے اُسے جنون کی حد تک چاہتی ہے۔
زمانہ عشق میں وہ محبوب کے مقابلہ میں کسی اور کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی۔ وہ محبت کو شادی کی پہلی شکل سمجھتی ہے۔ وہ بے پناہ کرتی ہے اور اس کے عوض محبت ہی چاہتی ہے۔ لیکن اگر محبت میں ناکامی ہو تو اُسے عمر بھر اُس محبت کی یاد رہتی ہے۔
اگر آپ کسی سرطان عورت سے محبت میں گرفتار ہیں تو اُسے کوئی ایسا صدمہ نہ پہنچائیں۔ جن کی وہ آپ سے توقع نہ کرتی ہو۔ زمانہ محبت سے سرطان عورت میں ایک نئی اور انوکھی کشش پیدا ہو جاتی ہے، اور اس میں ایک نئی جرات اور حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔
سرطان عورت کا مزاج پل بھر میں بدل جاتا ہے۔ مثلاً معمولی سی بات پر کھلکھلا کر ہنس دینا، اور غیر اہم جملے پر غصے میں آجانا۔ پہلی ملاقات میں وہ آپ سے گرم جوشی سے باتیں کرتی ہے تو اگلی ملاقات میں اُس کا رویہ سرد ہوتا ہے۔ اور اس سے اگلی ملاقات میں وہ پھر پہلے سی شوخ اور شرارتی ہوتی ہے۔
وہ دولت کی اہمیت سے بخوبی واقف ہوتی ہیں۔ وہ نہ دولت پرست ہوتی ہیں اور نہ ہی فضول خرچ اور لاپرواہ۔
اگر آپ کسی تنہا بیٹھی لڑکی کو مسکراتے دیکھیں تو سمجھ لیں کہ وہ سرطان ہے کیوں کہ عجیب و غریب اور حسین تصورات میں کھوئے رہنا بھی اُن کی عادت ہوتی ہے اور وہ تصورات میں اپنے خیالات کو حقیقت کے روپ میں دیکھ کر لطف اندوز ہوتی رہتی ہیں۔
سرطان عورتیں اپنے اور اپنے عزیز و اقارب کے متعلق خواہ مخواہ فکر میں مبتلا رہتی ہیں۔ اور ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے بے قرار رہتی ہیں اس ضمن میں انہیں وہمی کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔
اپنے حسن کی تعریف سننا سرطان عورت کی کمزوریوں میں شامل ہیں۔ وہ متنازعہ مسائل کو اس خوش اُسلوبی سے سلجھا دیتی ہے کہ دوسرے دنگ رہ جاتے ہیں۔ وہ مثالی قوتِ برداشت کی مالک ہوتی ہے۔ وہ پرانے رسم و رواج او معاشرتی اقدار کی پابندی کرتی ہے۔
سرطان عورت ایک اچھی بیوی اور اچھی ماں ثابت ہوتی ہے، لذیذ کھانے پکانے میں مہارت رکھتی ہیں۔ وہ اپنے جیون ساتھی کی جذباتی ضرورتوں سے آگاہ ہوتی ہے اور وہی کرتی ہے جو اُس کا ساتھی چاہتا ہے۔ یہ مکمل عورت ہوتی ہے اور مکمل مرد ہی اُسے خوش رکھ سکتا ہے۔ سرطان عورت محبت میں سو فیصد شرکت کرتی ہے اور اسے دنیا میں دو ہی چیزیں اپنالائف پارٹنر اور اپنا گھر عزیز ہوتی ہیں۔
کون کیسا رہے گا؟
سرطان خواتین کی ازدواجی زندگی کس برج کے افراد کے ساتھ کامیاب رہتی ہے اور کس برج کے افراد اس کے لیے ناموزوں ہیں۔ اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
سرطان عورت اور سرطان مرد
سرطان مرد اور عورت کی رفاقت کامیاب رہتی ہے۔ بے شمار ایسی دلچسپیاں ہوتی ہیں جن میں وہ مل جل کر حصہ لیتے ہیں۔ دونوں نازک خیالات کے مالک اور جذباتی ہوتے ہیں۔
غیر معمولی حساسیت اُن کے لیے مشکل کا باعث بن سکتی ہے۔ مگر یہ مشکل عارضی ہوتی ہے۔ دونوں لذیذ اور عمدہ کھانے پسند کرتے ہیں۔
دونوں زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت دولت کو دیتے ہیں۔ شادی کے بعد بھی یہ اپنے بینک اکاؤنٹ الگ رکھتے ہیں، اور اپنی بچائی ہوئی رقم ایک دوسرے کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور رازداری سے کام نہ لیں تو ان کی رفاقت انتہائی خوش گوار رہتی ہے۔
سرطان عورت گھریلو ماحول اور جذباتی تحفظ کے لیے ازدواجی زندگی کو ہر قیمت پر عزیز رکھتی ہے اور سرطان مرد کبھی ہر جائی پن نہیں کرتے۔
دونوں خلوت کے اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ چاندنی راتیں ان کے رومانی جذبات میں ہلچل مچادیتی ہیں۔
سرطان عورت اور اسد مرد
یہ آگ اور پانی کا میل ہے۔ برج سرطان کا مزاج پانی اور برج اسد کا اگ کی تاثیر رکھتا ہے۔ جب یہ دونوں ایک دوسرے کی محبت کے اسیر ہوتے ہیں تو انہیں درج ذیل صورتوں میں سے کسی ایک کا سامنا کرنا پڑتا ہے:۔
۱۔ چند برس کے رفاقت کے بعد اسد مرد، سرطان عورت کو اپنے شاہانہ مزاج کے سامنے سرجھکانے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ بات سرطان عورت کے مزاج میں اُلجھن کا باعث بنتی ہے اور وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ’’موڈی‘‘ ہو جاتی ہے۔
۲۔ سرطان عورت اپنے مسلسل روپے اور حسنِ اخلاق سے اسد مرد کی خود اعتمادی کو متزلزل کر کے اس سے اپنی برتری تسلیم کرالیتی ہے جس کے نتیجے میں اسد مرد افسردہ اور خاموش رہنا شروع کر دیتا ہے۔
۳۔ رفاقت کے چند برس بعد دونوں ایک دوسرے کے مزاج کو بخوبی سمجھ جاتے ہیں اور باہمی اختلافات ختم کر کے ذہنی ہم آہنگی پیدا کر لیتے ہیں دُکھ سُکھ کے صحیح معنوں میں سچے ساتھی بن جاتے ہیں اور خوش و خرم رہنے لگتے ہیں۔
اس تیسری صورت کو عملی جامہ پہنانا آسان نہیں ہوتا بلکہ جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے۔ اسد مرد بھی سرطان عورت کی طرح چیزوں کو شدت سے محسوس کرنے کاعادی ہوتا ہے۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہوئے اپنی اپنی برتری تسلیم کرانے سے باز رہیں تو اچھا جوڑا ثابت ہوتے ہیں۔
سرطان عورت اور عقرب مرد
یہ پارٹنر شپ کامیاب رہتی ہے۔ عقرب مرد، سرطان عورت کی حساس طبیعت کو سمجھتا ہے۔ وہ پرکشش ہوتا ہے بھر پور طریقے سے محبت کرتا اور وفادار رہتا ہے۔ وہ سرطان عورت کے جذبات کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ چلنا سیکھ جاتا ہے اور اُسے سکون فراہم کرنے کی بھر پور کوشش کرتا ہے۔
سرطان عورت بھی اس کا مزاج جلد سمجھ جاتی ہے۔ نکتہ چینی نہیں کرتی، بلکہ اپنی شکایت کو مناسب انداز سے پیش کرتی ہیں۔
عقرب مرد سخت محنت کرتا ہے اور سرطان عورت کو عدمِ تحفظ کا احساس نہیں ہونے دیتا۔ خلوت میں مرد اُس کا بہترین ساتھی ثابت ہوتا ہے۔
سرطان عورت اور حوت مرد
اِن کی ازدواجی زندگی عموماً خوشگوار بسر ہوتی ہے۔ حوت مرد جذباتی عورت پسند کرتے ہیں اور سرطان عورت ان کی اس پسند پر پورا اترتی ہے دونوں ہمدرد اور کمزوروں سے محبت کرنے والے ہوتے ہیں۔ حوت مرد محبت اور شفقت چاہتے ہیں اور سرطان عورت کا نرم انداز کا رویہ اُنہیں اپنائیت کا احساس دلائے گا۔
دوسرے برجوں کے افراد کے ساتھ
سنبلہ مرد اور سرطان کی رفاقت اس صورت میں پائیدار ہو سکتی ہے۔ کہ دونوں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں اور افہام و تفہیم کا راستہ اپنائیں۔ جوزا حمل، دلو اور قوس کے ساتھ تعلق میں دونوں فریقوں کو سخت محنت کرنا پڑے گی۔
No comments:
Post a Comment