Friday, March 16, 2018

برجقوس (خواتین اور ازدواجی زندگی

۲۲، نومبر تا ۲۱ دسمبر کے درمیان پیدا ہونے والوں کابرج قوس نواں بر ج ہے ۔ اس کا حاکم سیارہ مشتری ہے نشان آدھا کماندار اور آدھا گھوڑا اور عنصر آگ ہے۔
لنڈا گڈ مین کہتی ہیں۔
قوس افراد دیانت دار اور صاف گو ہوتے ہیں۔ ان کا حاکم سیارہ مشتری ہے اور مشتری کے زیر اثر افراد سب سے پہلے سچائی تلاش کرتے ہیں پھر اسے تسلیم کرتے ہیں اور پھر بلا خوف و خطر اس سچائی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ وسیع الذہن اور خوش مزاج ہوتے ہیں۔
یہ ناکامیوں کو عارضی گردانتے ہیں اور کبھی ناامید نہیں ہوتے۔ انہیں یقین ہوتا ہے کہ بالآخر وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے۔ زندگی کے متعلق ان کی معقولیت پسندی کے نقطہ ء نظر اور دیانتداری کو انکے کردار کی نمایاں خصوصیت قرار دیا جاسکتا ہے۔
قوس لوگ سچ کے اظہا رمیں کسی مصلحت سے کام نہیں لیتے۔ان کی باتیں ان کے برج کی علامت تیر کی طرح تیکھی اور صاف ہوتی ہیں ۔ بعض اوقات یہ حد درجہ صاف گوئی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ خواہ اس سے انہیں بھاری نقصان ہی کیوں نہ پہنچ رہا ہو۔
ان کی طبیعت میں انصاف پسندی کوٹ کوٹ کر بھری ہوتی ہے۔یہ کینہ پرور نہیں ہوتے اور بددیانتی کو برداشت کرنا ا ن کے بس سے باہر ہوتا ہے۔
قوس افراد کی مثبت خصوصیات میں خوش اُمیدی ، خوش مزاجی۔ دیانت داری اور جرأت مندی اور منفی خصوصیات میں لاپرواہی ، چڑچڑاپن ، جذباتیت اور پریشان خیالی شامل ہیں۔ قوس فرد بہادر اور جری۔ پل بھر میں فیصلہ کرنے والا اور بے خطر آتش نمرود میں کود پڑنے والا۔خطرات سے کھیلنے والا اور اپنے مؤقف پر سختی سے ڈٹا رہنے والا ہوتا ہے۔
ان کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ لوگوں کو خوش دیکھیں اس کوشش میں وہ عام طورپر ایسے وعدے کرلیتے ہیں جن کو پور کرنا ان کے بس میں نہیں ہوتا یا پھر وعدے کرکے بھول جاتے ہیں۔
وہ مجلسی گفتگو کے ماہر اور دلائل سے بھر پور گفتگو کرکے لوگوں کو متاثرکرنے پر قادر ہوتے ہیں۔ انہیں غصہ بھی جلد آتا ہے لیکن اتنی جلد ہی اس کا اثر بھی ختم ہو جاتاہے ۔
قوس لوگوں کی چال میں ایک انفرادیت ہوتی ہے ۔ ان میں سے بعض کی چال ربڑ کی گیند کی یاد دلاتی ہے ۔ بعض کی چال سے گھڑ دوڑ کی یاد آتی ہے۔
قوس لوگ گردن اٹھا کر اس طرح چلتے ہیں ، گویا معاشرے کی پابندیوں کو عبور کررہے ہوں ۔ تمام قوس لوگ پُر وقار شخصیت اور چال ڈھال کے مالک ہوتے ہیں۔
ان کی علامت نصف انسان نصف گھوڑا ہوتی ہے۔ نچلا دھڑ گھوڑے کی طرح اور اوپر کا دھڑ انسان کی طرح ۔یہی وجہ ہے کہ ان کی چال تیز ہوتی ہے۔
قوس افراد مبہم سوچ کے حامل نہیں ہوتے ہیں ان کی سوچ ہمیشہ واضح ہوتی ہے ۔ ان کے خوابوں کی بنیاد ہمیشہ غوروفکر ، منطق اور ذہانت پر ہوتی ہے جب قوس فرد کو یہ امید ہوجاتی ہے کہ اس کا خواب یقینا پورا ہو سکتا ہے۔ تب وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتا ہے اور رکاوٹوں کی پر واہ نہیں کرتا۔
وہ اپنے مقاصد کے حصول میں اکثر کامیاب رہتا ہے ۔اسے ناکامی بھی ہوتی ہے۔ لیکن بہت کم ، عموماً عین وقت پر خوش قسمتی اس کی ناکامی کو کامیابی میں بدل دیتی ہے ۔اس کی خوش قسمتی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اگر وہ قسمت آزمائی کے لئے سنگلاخ علاقے میں جائے اور کسی پہاڑی کے پتھروں کو سونا سمجھ کر جمع کر لائے اور پھر گھر پر پہنچ کر شور مچائے کہ یہ سونا نہیں ہے تو اسی دوران اچانک یہ انکشاف ہوگا کہ یہ تو یہ یورینیم ہے ۔ وہ خوش قسمت ہوتا ہے اس لئے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ خدا اسے چھپر پھاڑ کردیتا ہے۔
چونکہ خوش قسمتی اکثر اس کا ساتھ دیتی ہے۔اس لئے وہ فطری طور پر پُر امید رہتا ہے لیکن بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب وہ مٹی میں ہاتھ ڈالتا ہے تو وہ مٹی ہی رہتی ہے ۔سونا نہیں بنتی ۔ بہرحال قوس فرد آخر کار خراب اور ناموافق حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
وہ پیدائشی طور پر خوش قسمت ہوتا ہے ۔لہذا اس کی راہ میں بد قسمتی زیادہ دن حائل نہیں رہتی ۔ وہ بددیانتی پسند نہیں کرتا ، یہی وجہ ہے کہ اس کے دوستوں اور بہی خواہوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔
وہ لوگوں کی ظاہری حالت پر فکر نہیں رکھتا ۔ ان کی اصل حقیقت اور خوبیوں کا قدر دان ہوتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ اس کا کوئی دشمن نہیں ہوتا ۔ البتہ اس کے دشمنوں کی تعداد دوسرے برجوں سے متعلق کہنے والوں کے مقابلہ میں بہت کم ہوتی ہے ۔
لوگ اس کی بے باکی اور صاف گوئی کا برا مانتے ہیں لیکن اس کے خلوص کی وجہ سے اس سے زیادہ دن دور نہیں رہتے ۔ قوس فرد میں یہ خامی ضرور ہوتی ہے کہ وہ اکثر سوچے سمجھے بغیر بولتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات دوسرے لوگوں کی دل شکنی ہوتی ہے۔
قوس کے قوس سے تعلقات اچھے ہوتے ہیں۔ دونوں چونکہ بنیادی طورپر ہمدرد اور رحمدل واقع ہوئے ہیں۔
لہذا ان کے اختلافات عارضی نوعیت کے ہوتے ہیں اور بہت جلد دو قوس آپس میں مصالحت پر آمادہ ہوجاتے ہیں۔
دونوں خواہ کتنے ہی برے حالات میں ایک دوسرے کے خلاف لب کشائی کریں۔
سخت سے سخت زبان استعمال کریں۔
تاہم ایک دوسرے کے دشمن کبھی نہیں بن سکتے ۔ عفوو درگزر کے قائل ہوتے ہیں۔
ان کے لئے نظرا نداز کرنا تو بہت آسان ہوتا ہے لیکن یہ معافی کبھی نہیں چاہتے ۔ یہ دو دل زبان سے نہیں کہتے ۔ لیکن ایک دوسرے کا اظہار افسوس محسوس کرلیتے ہیںاور آپس میں ایک دوسرے سے اچھی اچھی باتیں کرنے لگتے ہیں۔
قوس لوگ کینہ پرور نہیں ہوتے ۔ وہ اپنی غلطیوں کا فراخدلی سے اعتراف کرلیتے ہیں لیکن زبانی نہیں۔عملاً حرکات و سکنات اور طرز عمل سے وہ غلطی کا اعتراف لفظوں کی بجائے عمل سے کرتے ہیں۔
اگر آپ قو س مرد کو پسند کرتی ہیں۔ اس سے محبت کرتی ہیں تو یاد رکھیں کہ یہ قوس مرد جسے آپ نے خوش مزاجی اور بے باکی کے باعث پسند کیا ہے ۔ جذبوں کے اظہار کے وقت اچانک ایک خول میں سمٹ جاتا ہے۔
اسے اس خول سے نکالنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ایک بات آپ کو شروع سے ہی ذہن میں رکھنی ہوگی کہ قوس مرد گھریلو قسم کا شوہر ثابت ہوگا۔
لیکن اگر آپ ایسا جیون ساتھی چاہتی ہیں جو آپ کو بیوی کی بجائے دوست سمجھے۔اپنی گفتگو سے آپ کو خوش و خرم رکھے اور آپ کو ایک لمحے کے لئے بھی اداس یا دل گرفتہ نہ ہونے دے تو پھر آپ کا انتخاب سو فیصد درست ہے۔
قوس مرد مزاج کے اعتبار سے عمر بھر کنوارا رہتا ہے ۔ شادی اس کی فطرت میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتی۔ وہ ہمیشہ دہی کھلنڈرا، لا ابالی نوجوان رہتا ہے ، جسے محفلوں میں پسند کیا جاتا ہے اور لوگ تنہائی میں جس کی باتیں یاد کرکے ہنستے ہیں۔
قوس مرد بنیادی طور پر ایک نیک اور ہمدرد آدمی ہے ۔کسی کو اذیت پہنچانا اس کا شیوہ نہیں وہ چاہتا ہے کہ ہر شخص کے سامنے صرف حقائق رکھے جائیں۔ اسی لئے وہ یہ بات شروع ہی میں واضح کردیگا کہ وہ فی الحال شادی نہیں کرنا چاہتا۔
وہ آپ کو صاف صاف بتا دے گا کہ آپ جیسی پیاری لڑکی کو اس جیسے لاابالی اور لاپرواہ شخص کی زندگی کا ہمسفر بننے میں سراسر گھاٹا ہوگا۔ یہ قو س مرد کی دیانت داری اور حق گوئی کی پہلی مثال ہوگی۔ اس کے باوجود اگر آپ اسے اپناجیون ساتھی بنانا چاہتی ہیں تو آپ کو اس پر یہ ثابت کرنا ہوگا کہ آپ کی محبت اسے پنجرے میں بند نہیں کرنا چاہتی۔
یہ بتانا ہوگا کہ وہ آزاد اور خود مختار ہوگا۔ قوس مرد کو اگر شبہ بھی ہو جائے کہ محبت اس کی قوت پر واز ختم کردے گی تو وہ ایسی محبت سے کوسوں دور بھاگ جائے گا ۔وہ چاہتا ہے کہ آپ اس کی دوست رہیں صیاد نہ بنیں۔
قوس مرد کے سلسلے میں آپ کو ایک بات اور یاد رکھنی پڑے گی کوئی چبھتا ہوا سوال ، شبے کا کوئی اظہار آپ کے تعلق کو ختم کرسکتا ہے ۔یہ کبھی مت پوچھیے کہ وہ پانچ دن سے کہاں جھک ماررہا ہے یا مہینے بھر سے اس نے کوئی فون کیوں نہیں کیا۔
آپ اس کو اپنی مرضی کے مطابق کبھی نہیں ڈھال سکیں گے ۔ وہ اپنی مرضی کا بادشاہ ہوتا ہے ۔ آپ اس کی خامیوں پر رونے پیٹنے اور ٹوکنے سے احتراز کریں اسے اسکے حال پر چھوڑ دیں۔ یقین کریں کہ آپ ہی وہ خاتون ہو سکتی ہیں جو اس کے معیار انتخاب پر پوری اترتی ہے ۔قوس مرد کی سب سے بڑی خوبی یہی ہے کہ وہ آپ سے ہمیشہ محبت کرتا رہے گا۔
قوس افراد کا موافق عدد ۳ ہے۔ نیلے ، پیلے اور سرخ رنگ کے تمام شیڈ ان کے لئے موافق رنگ ہیں۔
عقیق اور پکھراج سعد پتھر ہیں۔
دوسرے برجوں کے افراد میں سے ان کے تعلقات حمل اور اسد کے ساتھ بہت اچھے ، میزان ، عقرب ، جدی اور دلو کے ساتھ اچھے حوت ، جوزا اور سنبلہ کے ساتھ غیر یقینی ، ثور اور سرطان کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔
ٓ اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں۔
٭ ونسٹن چرچل ۔۔۔(سابق وزیر اعظم برطانیہ۔۔۔۔ادب کا نوبل انعام لیا)
٭ فرینک سناترا (نامور اداکار)
٭ برز نیف (سابق روسی صدر)
٭ بیتھو ون (عالمی شہرت یافتہ موسیقار)
٭ اینڈر بو کارینگی
٭ کرک ڈگلس (نامور اداکار)
٭ والٹ ڈزنی (ہدایتکار و اداکار)
٭ جین فونڈا (مشہور اداکارہ)
٭ مارک ٹوئن (بے مثال ادیب)
٭ جوش ملیح آبادی (اردو کے مشہور شاعر)
قوس خواتین 
قابل اعتماد ، دوسروں پر بھروسہ کرنیوالی ، لاابالی ، زندگی کو بھر پور طریقے سے بسر کرنے کی خواہش رکھنے والی۔ یہ قوس عورت کی چند اہم خصوصیات ہیں۔
وہ اپنے برج کی علامت تیر کی طرح تیکھی اور صاف گو ہوتی ہے۔ اسکی سب سے بڑی خوبی سچ بولنا ہے ۔ وہ اپنے جیون ساتھی سے کبھی جھوٹ نہیں بولے گی ۔ وہ جانتی ہے کہ جھوٹ بول کہ اپنی غلطی پر چند دن کیلئے پر دہ ڈالنے سے بہتر ہے کہ غلطی کو پوری سچائی کے ساتھ بتادیا جائے۔
قوس خواتین عورتوں کی نسبت مردوں سے دوستی کو بہتر سمجھتی ہیں کیونکہ ان کے خیال میں مرد دوست ہر بات بر ملا کہہ دیتے ہیں اور عورتیں بیشتر باتیں دل میں رکھ لیتی ہیں۔
یہ الگ بات ہے کہ ان کی صاف گو اور منہ پھٹ طبیعت کی وجہ سے بہت کم لوگ ان کے دوست رہتے ہیں۔ مرد دوستوں سے ان کا تعلق صرف دوستی کی حد تک ہی ہوتا ہے۔
یہ سیمابی فطرت رکھتی ہے ۔ سیر وتفریح کی دلدادہ ہوتی ہے قوس عورت سے شادی کے بعد آپ کو حیرانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ یہ عام عورتوں کی طرح خانہ داری کے لئے ہی خود کو وقف نہیں کردیتی بلکہ یہ آپ کے کاروبار یا ملازمت سے متعلق آپ سے بحث کرے گی اور آپ کو مشورہ دے گی۔ اور وقت ثابت کردے گا کہ اس کے مشورے بالکل درست ہیں قوس عورت دلائل سے گفتگو کرتی ہے۔
قوس عورت پہلی ہی نظر میں کیوپڈ کے تیر کا نشانہ بن کر محبت میں گرفتار نہیں ہو جاتی ۔ یہ محبت کو اہمیت دیتی ہے مگر اس کے خیال میں یہ دنیا کی اہم ترین شے نہیں ۔ یہ دوستانہ فضا میں زندگی گزارنے کو ترجیح دیتی ہے ۔ 
یہ شوہر کے انتخاب میں خاصا وقت صرف کرتی ہے قسم قسم کے لوگوں سے ملتی ہے اور بالآخر وہ کسی کی آنکھوں میں اپنے لیے بے پناہ محبت کا جذبہ تلاش کرلے گی اور پھر  اس کی اسیر ہو جائے گی۔
قوس عورت سے شادی کے بعد آپ محسوس کریں گے کہ آپ کو ایک بہترین دوست میسر آگیا ہے ایسا دوست جو ذہین ، پر جوش اور حسین ہے قوس عورت کبھی اپنے شوہر کی نرمی اور ہمدردی کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھاتی اور نہ ہی اس سے بے وفائی کرتی ہے۔
وہ ازدواجی زندگی کے معاملہ میں بے حد سنجیدہ ہوتی ہے گھر اس کے لئے بے انتہا اہم ہوتا ہے اور وہ اسے خوشیوں کا گہوارہ بنا ئے رکھنا چاہتی ہے۔
قوس عورت عام عورتوں کی طرح شکی مزاج اور حاسد نہیں ہوتی۔ وہ کبھی آپ پر اپنا فیصلہ نہیں ٹھونسے گی۔ وہ کسی دوسرے کی زندگی کو کنٹرول میں دینا پسند نہیں کرتی ۔ آزادی کا احساس اس کے لئے بہت ضروری ہے۔
قوس عورت کا قرب ایک طرح کا طلسم خانہ ہے۔ جس سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں۔ آپ کے ساتھ رہ کر اس کی آنکھیں ہیروں کی طرح چمکتی رہیں گی۔
اس کی حاضر جوابی اور خوش گفتاری سے ساری محفل آ پ کو رشک سے دیکھنے لگتی ہے ۔ اس کے ساتھ آپ ذمہ داریوں کی زنجیر میں جکڑے ہوئے قیدی کی طرح نہیں۔ محبت اور ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ زندگی بسر کریںگے۔ 
قوس عورت ہمیشہ کوئی نہ کوئی پالتو جانور رکھتی ہے تنہائی سے گھبراہٹ محسوس کرتی ہے اور لوگوں کے ہجوم میں گھرے رہنا اسے پسند ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ پارٹیوں اور تقریبات میں خاصی دلچسپی لیتی ہے ۔ یہ بھرپور اور نئی نئی دلچسپیوں سے پر زندگی گزارنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔
کون کیسا رہے گا؟
برج قوس کی خواتین کے لئے کن برجوں کے افراد اچھے جیون ساتھی ثابت ہوں گے ۔ اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
قوس عورت اور قوس مرد
لنڈا گڈ مین کہتی ہیں۔
ان دونوں کی رفاقت مجموعی طور پر خوشگوار رہتی ہے۔ چھوٹے موٹے جھگڑے اور بحث و تکرار کا سلسلہ تو جاری رہتا ہے۔ مگر یہ سنگین صورت اختیار نہیں کرتا ۔
ان دونوں کا ساتھ کبھی بوجھل اور پریشان کن ثابت نہیں ہوتا ۔ دونوں ہر کام مل جل کر کرنا پسند کرتے ہیں اور سیرو تفریح کے دلدادہ بھی ہوتے ہیں۔
ایک دوسرے کی ذہنی صلاحیتوں کی آزمائش کرتے ہیں۔ دونوں آزادی چاہتے ہیں۔ مگر ایک دوسرے سے وفاداری کی توقع بھی رکھتے ہیں۔ اگر خلوت میں کوئی اپنے پرانے معاشقے کا ذکر کرے تو دوسرا بہت برا مناتا ہے ۔لہذا ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
قوس عورت اور حمل مرد
یہ رفاقت بالعموم خوب کامیاب رہتی ہے۔
دونوں کا بنیادی عنصر آگ ہوتا ہے ۔ دونوں دوستوں کی محفلوں کو سجانے میں خاصی دلچسپی لیتے ہیں ۔ قوس خواتین ذہین ہوتی ہیں اور حمل مردوں میں ترقی کی زبردست خواہش ہوتی ہے اور اس خواہش کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے قوس عورت اسے صحیح مشورہ دیتی ہے۔ بزنس پارٹیوں میں اپنے شوہر کی بہترین شریک حیات ثابت ہوتی ہے۔ اگر ان میں کبھی اختلافات جنم لیتے ہیں تو ان کی بنیاد مالی پریشانی ہوتی ہے جو دونوں کی فضول خرچی کے نتیجے میں ظاہر ہوتی ہے لیکن یہ سب عارضی ہوتے ہیں۔ قوس عورت ، حمل مرد کی تمام خامیوں کے باوجود بھی اسے پسند کرتی ہے۔
قوس عورت اور اسد مرد
یہ پارٹنر شپ اکثر کامیاب ثابت ہوتی ہے۔
قوس عورت پیدائشی طورپرخود مختار او ر آزاد ہوتی ہے جبکہ اسد مرد بھی ایسا ہی ہوتا ہے ۔ اس لیے دونوں کو ایک دوسرے پر برتری جمانے کی کوشش سے گریز کرنا چاہیے ۔ دونوں کے مزاج میں آگ کا عنصر غالب ہوتا ہے ۔لہذا گرما گرم بحث و تکرار ہوتی ہے ۔ مگر اس کے باوجود دونوں کی رفاقت ایک دوسرے کے لئے خوشیوں اور مسرت کا باعث ہوتی ہے دونوں کو چاہیے کہ ایک دوسرے کی خامیوں کی نشاندہی سے گریز کریں۔
٭________________٭

No comments:

Post a Comment