Saturday, March 17, 2018

برج جدی (خواتین اور ازدواجی زندگی

جدی دسواں برج ہے۔ اس کا حاکم سیارہ زحل، نشان بکری اور عنصر مٹی ہے۔ 
جدی افراد سنجیدہ، کم گو، ذہن کے پکے اور مضبوط قوت ارادی کے مالک ہوتے ہیں۔ وہ زندگی کی دوڑ میں دوسروں سے آگے نکلنے کے خواہشمند ہوتے ہیںاور مسلسل محنت سے ان کی یہ خواہش پوری ہوجاتی ہے۔ مزاج کے اعتبار سے یہ حاکمیت پسند ہوتے ہیں۔ 
یہ طبعاً قدامت پسند اور قابل اعتماد ہوتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ روایت پرست ہوتے ہیں۔ کیونکہ مٹی برج جدی کا بنیادی عنصر ہے۔ یہ اچھے مقرر ہوتے ہیں۔ مگر انجینئیرنگ، سائنس اور ایسے دوسرے شعبوں میں ذہین ہونے کے باوجود یہ کامیاب نہیں ہوتے کیونکہ یہ جدت پسند نہیں ہوتے۔ ان میں نئے خیالات کی کمی ہوتی ہے۔ آپ انہیں لکیر کا فقیر کہہ سکتے ہیں۔ مذہبی معاملات، عقائد ونظریات کے معاملے میں یہ شدت پسند ہوتے ہیں۔ 
یہ نہایت جفاکش اور فرض شناس ہوتے ہیں اور اسی کے بل بوتے پر کامیابی حاصل کرلیتے ہیں۔ جدوجہد اور محنت کی صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں۔ زندگی کی شاہراہ پر یہ کچھوے کی رفتار سے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ مگر انہیں یقین ہوتا ہے کہ یہ ابتداء میں آگے نکل جانے والے خرگوش سے پہلے منزل پر پہنچ جائیں گے۔ کیونکہ یہ مستقل مزاج ہوتے ہیں۔ 
جدی افراد دیانت دار ہوتے ہیں۔ اپنی لیاقت اور قابلیت کے بل پر ترقی کرنے کے خواہش مند ۔ یہ سفارش یا ناجائز مراعات سے سخت نالاں ہوتے ہیں۔ 
کسی کا احسان مند ہونا پسند نہیں کرتے اور اگر کبھی کوئی ان پر احسان کرے تو یہ اس کا بدلہ چکانے کے لیے بیتاب رہتے ہیں۔ 
یہ حقیقت پسند ہوتے ہیں اور ان چیزوں کے پیچھے نہیں بھاگتے جو ان کے بس سے باہر ہوتی ہیں۔ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھاتے ہیں، جلد بازی کے مظاہرے کی ان سے توقع نہیں۔ 
معاملات زندگی میں دوسروں پر حکم چلانے کی خواہش رکھتے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ دوسرے ان کی بات تسلیم کریں۔ یہ اپنی رائے کو بہت اہمیت دیتے ہیں، اور دوسروں سے بھی اس کی توقع رکھتے ہیں جو لوگ انکی رائے کو نظر انداز کردیں۔ یہ ان سے خوش نہیں رہتے۔ لیکن اگر یہ ایسی پوزیشن میں ہیں، جہاں دوسرے ان پر حکم چلاتے ہوں تو یہ خود بھی احکامات پر پوری طرح عمل کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ حقیقت پسند ہوتے ہیں۔ 
یہ قسمت سے زیادہ محنت پر بھروسہ کرتے ہیں۔ ان کے تمام فیصلے منطقی اور عقلی بنیادوں پر طے ہوتے ہیں۔ 
برج جدی کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد نہایت قابل اعتماد ہوتے ہیں۔ بہت اچھے رازدار۔ یہ ہر بات کو راز رکھنے پر قادر ہوتے ہیں۔ یہ خرچ کے معاملے میں محتاط ہوتے ہیں۔ مگر انہیں کنجوس بھی نہیں کہا جاسکتا۔ ہاں یہ فضول خرچ نہیں ہوتے۔ 
یہ ہر بامقصد اور بامعنی کام میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ یہ انصاف پسند ہوتے ہیں، اور اپنے ماتحت یا ملازموں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیتے ہیں۔ 
اگر جدی افراد میں منفی رجحان پیدا ہوجائے تو یہ ضدی اور انتقام پسند بن جاتے ہیں۔ یہ اپنی رائے کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ اس لیے جو دوسرے ایسا نہیں کرتے یہ انہیں ناپسند کرنے لگیں گے۔ اور ان پر شدید نکتہ چینی کرکے انہیں مشتعل کردیں گے۔ 
منفی رجحان کے غالب آنے کی صورت میں یہ کفایت شعار سے کنجوس ہوجاتے ہیں، اور جس سے دشمنی ہوجائے۔ اسے آسانی سے معاف نہیں کرتے۔ 
یہ محبت کو اہمیت ضرور دیتے ہیں۔ مگر اس میں اندھا دھند آگے نہیں بڑھتے۔ اظہار محبت میں پہل سے گریز کرتے ہیں۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ یہ پہلی نظر یا پہلی ملاقات میں ہی دل ہار دیں۔ مگر محبت کے معاملات میں یہ انتہائی ایمان دار اور مخلص ہوتے ہیں۔ دھوکے بازی اور فلرٹ ان کی عادت نہیں ہوتی۔ لیکن یہ چاہتے ہیں کہ جس سے محبت کریں۔ وہ صرف انہی کا ہوکر رہے۔ 
جدی افراد زندگی کو ایک جنگ کی مانند سمجھتے ہیں اور ہمیشہ مستعد سپاہی کی طرح تیار رہتے ہیں اور کامیابی کا کوئی چانس مس نہیں ہونے دیتے اور ہر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ 
یہ جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرتے اور نہ ہی خطرات مول لیتے ہیں۔ کوئی بڑا قدم اٹھانے سے پہلے خوب غور وفکر کرتے ہیں۔ غم روزگار ہو یا غم جاناں، جھٹ پٹ کوئی فیصلہ نہیں کرتے۔ 
ان کی ضروریات زندگی محدود ہوتی ہیں۔ اس لحاظ سے یہ قانع بھی ہوتے ہیں۔ بہت کم آمدنی میں بھی مسرت اور اطمینان سے گزر کرسکتے ہیں اور اپنے چھوٹے کاروبار سے مطمئن رہتے ہیں۔ مگر اسے بڑھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ بے زاری اور بے دلی سے یہ کوئی کام نہیں کرتے۔ 
جدی افراد میں بعض ایسے بھی ہوتے ہیں جو عمر بھر احساس کمتری کا شکار رہتے ہیں۔ ہمیشہ یہ خیال ان کے دل میں رہتا ہے کہ وہ کسی فن میں طاق نہیںہیں۔ اس طرح وہ ان خوبیوں کا ماتم کرتے رہتے ہیں جو ان میں نہیں ہوتیں۔ 
جدی لوگوں کا موافق عدد 8 ہے۔ نیلا اور سلیٹی رنگ ان کے لیے سعد ہے۔ نیلم یا سنگ موسی ان کے لیے مبارک پتھر ہیں۔ 
دوسرے برجوں کے افراد میں سے ان کے تعلقات، ثور اور سنبلہ سے بہت اچھے، حمل، سرطان، میزان، جوزا سے غیر یقینی، اسد، قوس اور دلو سے غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔ 
اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں۔ 
مائو زے تنگ (عظیم چینی راہنما)
انور سادات (مصر کے سابق صدر)
محمد علی (عظیم مسلمان باکسر)
رڈ یارڈ کپلنگ (نامور ادیب۔ ادب کا نوبل انعام پایا)
بنجمن فرنیکلن (نامور سائنسدان)
کیری گرانٹ (مشہور اداکار)
ایلوس پرسلے (عالمی شہرت یافتہ گلوکار)
رچرڈ نکسن (امریکہ کے سابق صدر)
جدی خواتین 
یہ حسن و جمال کا پیکر اور ایسی خداد صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں کہ زندگی کے مشکل مراحل سے باآسانی گزر جاتی ہیں۔ ان میں بلا کی قوت ارادی ہوتی ہے اور آگے بڑھنے کا بے پناہ عزم۔ زندگی کے ہر مرحلے میں کامیابی چاہتی ہیں۔ اور اس کے لیے محنت کرتی ہیں۔ یہ ہر کام سوچ سمجھ کر کرتی ہیں۔ آزاد منش طبیعت کی مالک ہوتی ہیں۔ مگر بے راہ روی پسند نہیں کرتیں۔ 
ازدواجی زندگی میں وفادار اور قابل اعتماد ثابت ہوتی ہیں۔ یہ محبت میں فوراً ہی آنکھیں بند کرکے مبتلا نہیں ہوجاتی۔ اس کے نزدیک محبت ایک ایسا انسانی مسئلہ ہے۔ جسے قہقہوں میں نہیں اڑایا جاسکتا۔ اسے تسخیر کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ 
یہ اس وقت تک خود پر سنجیدگی اور متانت کا خول چڑھائے رکھتی ہے۔ جب تک اسے یقین ہوجاتا ہے کہ فریق مخالف اس سے مخلص ہے۔ یہ اس انتخاب میں عجلت سے کام نہیں لیتی۔ لیکن جب اسے دوسرے کی محبت خلوص پر مبنی ہونے کا یقین ہوجائے۔ فوراًسنجیدگی اور متانت کا خول اتار پھینکتی ہے اور کلی کی طرح کھل اٹھتی ہے۔ 
محبت میں مبتلا ہونے کے بعد جدی عورت یکسر بدل جاتی ہے۔ اس کے لہجے میں کھنک اور چہرے پر دمک آجاتی ہے۔ جیسے کسی کنیز کو اچانک ملکہ کا عہدہ مل گیا ہو۔ لیکن اگر مرد بے وفا نکلے تو یہ صدمہ اس کے لیے ناقابل برداشت ہوتا ہے اور عرصہ تک یہ کسی دوسرے مرد کو ذہنی طور پر قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔ 
جدی عورت حقیقت پسند ہوتی ہے۔ وہ "عمل سے زندگی بنتی ہے" کے فارمولے پر یقین کرتی ہے، اور صلاحیت کے استعمال اور محنت سے کامیابی اسکی زندگی کا بنیادی اصول ہوتا ہے۔ یہ بہت فرض شناس اور ذمہ دار ہوتی ہے، اور اپنی ذہنی و جسمانی توانائیاں صحیح طور پر استعمال کرنے کے ہنر سے واقف ہوتی ہے۔ 
اس کی مثبت خصوصیات میں ہمت و حوصلہ، ضبط وتحمل، قوت ارادی اپنی ذات پر اعتماد، آزاد خیالی، مفاہمت پسندی اور مقاصد سے لگن شامل ہیں۔ جبکہ منفی خصوصیات یہ ہیں۔ شکی مزاج، موڈی، آمرانہ، ذہنیت، سخت مزاج اور وہمی۔ 
منفی خصوصیات غالب آنے کی صورت میں ضدی، چڑ چڑی، وہمی اور کسی حد تک خود غرض ہوجاتی ہے، اور نزدیکی افراد سے ناروا سلوک کرکے انہیں ناراض کرلیتی ہے۔ 
جدی عورت ہنگامی حالات سے نمٹنا خوب جانتی ہے، وہ اپنی نسبت دوسروں کے مسائل کو زیادہ مہارت سے نمٹانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ زندگی کے مشکل مراحل سے گزرنا اور ان سے نمٹنا اسے اچھا لگتا ہے۔ یہ بات اس کے لیے باعث مسرت ہوتی ہے، کہ دوسروں کو اس کی ضرورت ہے۔ 
جدی عورت کی شخصیت اس کے گھرانے اور طبقہ کی آئینہ دار ہوتی ہے۔ وہ خواہ امیر ہو یا غریب۔ ہر کام پر وقار انداز میں باقاعدگی سے کرنے کی عادی ہوتی ہے۔ 
وہ دوستوں، پڑوسیوں اور عزیزوں میں مہذب اور نیک نام کہلانا پسند کرتی ہے۔ اپنی سماجی حیثیت کا خاص خیال رکھتی ہے۔ خدا ترس اور رحم دل ہوتی ہے۔ 
اس میں رقابت کا جذبہ بہت کم ہوتا ہے۔ یہ طبعاً اپنے خاندان اور رشتہ داروں کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ 
یہ آزادی پسند ہوتی ہے اور اس مقولے پر عمل کرتی ہے کہ اگر تم کسی سے محبت کرتے ہو تو اسے آزاد چھوڑدو۔ اگر وہ واپس نہ آئے تو سمجھ لو کہ وہ کبھی تمہارا نہ ہوا تھا، اور اگر وہ واپس آجائے تو پھر اس کی پرستش کرو۔ 
اسے اپنے گھر سے خاص لگائو ہوتا ہے۔ یہ گھر کو سلیقے اور نفاست سے سجاتی ہے اور بہت جلد ایسے کھانے پکانے میں مہارت حاصل کرلیتی ہے۔ جو اس کے جیون ساتھی کو پسند ہوں۔ اگر اسے معلوم ہوجائے کہ اس کے ساتھی کھلے بال پسند کرتا ہے۔ تو یہ بھی اپنے بال کھلے رکھنے لگے گی۔ یہ ناممکن ہے کہ جدی عورت کی موجودگی میں گھر کا فرش چمکتا نہ ہو بستر اور کپڑے بے شکن اور بے داغ نہ ہوں۔ جدی عورت اور گھریلو بے ترتیبی دو متضاد چیزیں ہیں۔ 
دولت کے استعمال میں یہ محتاط ہوتی ہے۔ آپ اسے فضول خرچ نہیں کہہ سکتے۔ یہ مہنگے بنائو سنگھار کو پسند نہیں کرتی۔ مگر اپنے آپ کو سجانے سنوارنے کے فن سے واقف ہوتی ہے۔ 
کون کیسا رہے گا؟
برج جدی کی خواتین کی رفاقت کن برجوں کے افراد کے ساتھ خوش گوار اور کامیاب رہے گی۔ 
اس ضمن میں مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔ 
جدی عورت اور جدی مرد
یہ رفاقت مجموعی طور پر کامیاب رہتی ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے موزوں ہوتے ہیں۔ کیونکہ دونوں کی عادات ملتی جلتی ہیں اور ان کے خیالات میں ہم آہنگی ہوتی ہے۔ جس سے انہیں بہت سے مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ 
دونوں پیسے کے استعمال کے بارے میں محتاط ہوتے ہیں اس لیے انہیں کسی بڑے مالی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ دونوں آزادی پسند ہوتے ہیں۔ خوشگوار ازدواجی کے لیے انہیں چاہیے کہ اپنی زندگی کو سنجیدگی سے بچائیں۔ ان کی طبیعت کی سنجیدگی کچھ عرصہ بعد زندگی کو بیزار کن یکسانیت سے دو چار کر سکتی ہے۔ اس لیے انہیں اپنی زندگی میں شوروغل یعنی تقریبات، تفریح و سیاحت وغیرہ کا اضافہ کرنا چاہیے۔ 
جدی عورت اور ثورمرد
ان کا ملاپ بہت کامیاب ثابت ہوتا ہے۔ 
جدی عورت اگر اپنی پسند کے مرد سے شادی کرلے تو اس سے بہتر بیوی کوئی اور نہیں ہوسکتی۔ 
چونکہ یہ مزاج کے اعتبار سے حاکمیت پسند ہوتی ہے۔ اس لیے یہ ایسے مردوں کو پسند نہیں کرتی جو اس پر اپنا حکم چلانا پسند کریں اور ثور مرد ایسا نہیں ہوتا۔ وہ تعلقات کو کسی صورت میں بگاڑنا پسند نہیں کرتا۔ 
دونوں کا بنیادی عنصر مٹی ہے اور یہ ایک دوسرے کے والدین اور عزیزوں کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ دونوں خلوت کے اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ 
جدی عورت اور سنبلہ مرد
دونوں اچھے رفیق زندگی ثابت ہوتے ہیں۔ 
ان میں ایک طرح کی مقناطیسی کشش ہوتی ہے اور یہ پہلی ملاقات میں ہی ایک دوسرے سے متاثر ہوجاتے ہیں۔ سنبلہ مرد اگرچہ شادی کے فیصلے میں خاصا وقت لیتا ہے۔ لیکن وہ گھریلو زندگی میں جس سلیقے اور قرینے کو پسند کرتا ہے۔ 
جدی عورت کی نفاست پسند، رفاقت باآسانی مہیا کرسکتی ہے۔ دونوں جانتے ہیں کہ پر مسرت مستقبل کے لیے جدوجہد لازمی ہے۔ 
مالی معاملات میں ان میں شاذ ہی اختلاف ہو۔ دونوں سرکش ہوتے ہیں۔ جب آپس میں لڑیں تو سرد مہری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ لیکن یہ عارضی ہوتا ہے۔ 
دونوں ایک دوسرے سے بور نہیں ہوتے۔ جدی عورت کو خوش رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ اسے گھریلو استعمال کے لیے جو رقم دی جائے اس کا حساب نہ طلب کیا جائے، اور سنبلہ مرد ایسا نہیں کرتے۔ یہ ایک اچھی پارٹنر شپ ہے۔ 
٭________________٭

No comments:

Post a Comment