Wednesday, March 14, 2018

برج میزان (خواتین اور ازدواجی زندگی

میزان ساتواں بر ج ہے۔ اس کا حاکم سیاہ زہرہ ہے ، جو حُسن و محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔ اس کا نشان ترازو ہے اور عنصر ہوا ہے۔
میزان افراددلکش اور متوازن شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔ وہ انصاف پسند اور دوسروں کی ضروریات کا خیال رکھنے والے ہوتے ہیں۔ 
اپنی خوش مزاجی ، ذہانت اور معاملہ فہمی کے باعث یہ معاشرتی حلقوں میں مقبول ہوتے ہیں اور لوگ نجی محفلوں میں ان کی کمی محسوس کرتے ہیں۔ ان کا منصف مزاج ذہن انہیں غیر مستحق افراد کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرنے سے باز رکھتا ہے۔
یہ نرم گو اور ہمدرد ہونے کے ساتھ صاف گو ہوتے ہیں۔ انہیں شورو غل سے نفرت ہوتی ہے ۔ بدنظمی اور بے ترتیبی انہیں پسند نہیں۔
یہ امن پسند فاختہ کی مانند ہوتے ہیں اور ہر وقت دوستی اور مفاہمت کی راہ ہموار کرنے اور لڑائی جھگڑا ختم کرانے میں لگے رہتے ہیں۔
انہیں غصہ بہت کم آتا ہے اور اگر آ جائے تو فوراً اس پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔غصے کی حالت میں بھی میزانی فرد کسی نہ کسی طور نرم خو اور غیر جانبدار نظر آئے گا۔
یہ بہت کم چیختے دھاڑتے ہیں ۔میزان فرد کہے کہ میں تم سے نفرت کرتا ہوں اور میں مکا مار کر تمہاری ناک توڑدوں گا یہ الفاظ وہ اس طرح ادا کرے گا جیسے ورڈزتھ ورتھ کی کوئی رومانی نظم پڑھ رہا ہو۔
میزان افراد اعلیٰ ذہنی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں لیکن ہمیشہ زندگی کے شارٹ کٹ کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں۔
بزنس پارٹنر کے طور پر یہ اچھے شریک کار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ ہر کام کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچتے ہیں، بے صبری اور جلد بازی سے بھاگتے ہیں ۔فیصلہ کرنے میں تو تاخیر کردیتے ہیں لیکن غلط فیصلہ نہیں کرتے ۔ ایسے افراد کو پسند نہیں کرتے جو معاملے کے ہر پہلو پر غور نہیں کرتے اور جلد بازی سے کام لیتے ہیں۔
یہ کسی حد تک موڈی بھی ہوتے ہیں ۔ مسلسل کئی دنوں ، ہفتوں اور مہینوں کسی کام میں لگے رہتے ہیں۔ پھر یک دم بستر پر پڑ جائیں گے کہ ہم بہت تھک گئے ہیں۔
اس حالت میں وہ ہاتھ اٹھا کر بجلی کا سوئچ دبانے کی بھی زحمت گوارہ نہیں کریں گے۔آپ لاکھ چیخ و پکار کریں وہ اس کان سے سن کر دوسرے سے نکال ‘ پر عمل کریں گے ۔باتیں کرتے رہیں گے ، ٹی وی دیکھیں گے کھڑکی کے سامنے بیٹھ کر گھنٹوں باہر تکتے رہیں گے ۔ مگر کوئی کام نہیں کریںگے۔ لیکن کچھ عرصہ بعد خود بخود یہ پھر سے زندگی کے ہنگاموں میں حصہ لینا شروع کردیں گے اور کام میں اپنی پوری ذہنی اور جسمانی قوت صرف کردیں گے۔ ان کی مسکراہٹ جاندار ہوتی ہے اور رخساروں میں گڑھے پڑتے ہیں۔
محبت ، شفقت ، نرم خوئی ، منصف مزاجی ، بحث و تکرار کا شوق فلسفیانہ منطق ، جنگ میں ثبات ۔ ان سب کی مساوی خصوصیات سے مل کر میزانی کردار بنا ہے۔
کوئی میزانی فرد صرف اس بات پر آپ سے گھنٹوں بحث کرسکتا ہے کہ آپ کی گھڑی دو سیکنڈز پیچھے ہے ، یہ بہت باتونی ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بہت اچھے سامع بھی۔
میزانی افراد کا نشان ترازو ہے اور جس طرح ترازو کے پلڑے اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں۔ اسی طرح میزان لوگوں کے مزاج میں بھی اتار چڑھائو ہوتا رہتا ہے ۔ مگر جس طرح ترازو کے پلڑے اتار چڑھائو کے بعد برابر ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح ان کا مزاج بھی متوازن ہو جاتا ہے اس کی ذہانت ، شفقت ، رحمدل اور سخاوت کا اعلیٰ ترین تناسب قا ئم ہو جاتا ہے۔
یوں کہہ لیجئے کہ میزان فرد خزاں کا سنہری پتہ بھی ہے اور بہار کا پہلاپھول بھی۔
رومان ان کے مزاج کا لازمی وصف ہے ۔یہ دوسروں کے دل میں محبت کے جذبات بیدار کرنے کے فن سے واقف ہوتے ہیں۔ میزان فرد جانتا ہے کہ کس وقت کونسی بات کرنا ہے ۔ وہ مسحور کن گفتگو سے عورت کی شخصیت پر چھا جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ تو ممکن ہے کہ آپ شام کی ابتداء میں یہ فیصلہ کرلیں کہ میزان مرد کے ساتھ صرف چائے کا کپ چلے گا ۔ مگر جو ں جوں شام ڈھلتی جائے گی ، آپ کا یہ فیصلہ کمزور ہوتا جائے گا۔ میزان مرد آپ پر چھا تاجائے گا۔
ان کا سیارہ زہرہ ہے۔ محبت اور حسن کی علامت زہرہ ۔ اس لئے ان کا جمالیاتی ذوق قابل تعریف ہوتا ہے اس برج کی لڑکیاں لڑکے فنون لطیفہ ، سیرو تفریح میں دلچسپی لیتے ہیں یہ دل سے فن کار ہوتے ہیں۔
اس برج کے تحت پیدا ہونے والے مرد و زن بہترین والدین ثابت ہوتے ہیں۔ یہ بچوں کو ڈانٹ ڈپٹ کر یا رعب جما کر نہیں ، بلکہ پیار سے سمجھا بجھا کر اپنی بات منوانے کے قائل ہوتے ہیں۔ بچوں کے معاملات میں دلچسپی لیتے ہیں۔
میزان بچے پر کشش ہوتے ہیں۔ جو بھی انہیں دیکھے پیار کی مقناطیسی کشش محسوس کرتا ہے ۔عزیز و اقارب میں یہ بڑے مقبول ہوتے ہیں۔
میزان بچے کھیل کود میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھاتے ۔ یہ موسیقی، مصوری یا فنون لطیفہ کی کسی اور صنف کی طرف متوجہ ہو سکتے ہیں۔
تعلیم میں ہوشیار ہوتے ہیںاور رنگ برنگی خواہشات سے والدین کو تنگ نہیں کرتے ۔
میزان افراد کا موافق عدد ۶ہے ۔ سفید ، سبز اور پیلا رنگ ان کے لئے سعد ہے، ہیرا اور اوپل (ایک قسم کا سفید پتھر) پہننا ان کے لئے مفید ہے۔
دوسرے برجوں کے افراد میں سے ان کے تعلقات دلو اور جوزا کے ساتھ بہت اچھے۔ سنبلہ، قوس، اسد اور عقرب کے ساتھ اچھے۔ جدی، سرطان اور حمل کے ساتھ غیر یقینی اور ثور وحوت کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔
اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں:۔
سرسید احمد خان (دور اندیش مسلمان راہنما)
مہاتما گاندھی (ہندو ئوں کا باپو)
جمی کارٹر (سابق امریکی صدر)
ڈیوڈ بن گوریان (اسرائیلی لیڈر)
برجی باروت (عالمی شہرت یافتہ اداکارہ)
چارلس ہٹسن (نامور اداکار بن حُر کا ہیرو)
آسکو وائلڈ (عالمی شہرت یافتہ ادیب)
آئرن ہاور (سابق صدر امریکہ)
ریٹاہیورتھ، چارلس بوائیر
اسٹینلے کریمر، جولی اینڈ ریو، جیک اینڈ رسن، 
ایف اسکاٹ فٹنر ریلڈ، ایسز روز ویلٹ، 
مائیکل ٹوڈ جونیئر، باربرا والٹرز۔
میزان خواتین
میزان خواتین حسین اور پر کشش ہوتی ہیں ۔ ان کا ذہن مرد کے ذہن کے ہم پلہ ہوتا ہے۔اور یہ ہر طرح کے مباحثے میں اس کی برابر کی حریف ثابت ہوتی ہیں۔
میزان عورت ایک کامیاب مقررہ ہوتی ہے۔ جب کوئی ایسا موضوع سامنے آئے ۔ جس پر بحث کا معمول سا امکان بھی ہو تو میزان عورت اپنی ذہانت طبع کا مظاہرہ کرے گی۔
وہ معمولی بات پر شاندار تقریر کرسکتی ہے اور اس دوران آپ اس کی شخصیت کے سحر میں ڈوبے رہیں گے ۔ہر دو تین جملوں کے بعد وہ اس دلکشی سے مسکرائے گی کہ آپ اپنی رائے بدلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
اس کی مسکراہٹ نرم اور سفید بادلوں کی طرح ہوتی ہے۔ جس میں شہد کی سی مٹھاس گھلی ہوتی ہے یہ بات سے بات نکالنے کے فن پر عبور رکھتی ہے۔
اگر میزان عورت دنیا میں کسی چیز کو اہمیت دیتی ہے تو وہ مردہے جسے اس نے اپنے لئے چنا ہو۔ یہ کبھی بھی اپنے شوہر کے لئے بوجھ نہیں بنتی۔ بلکہ اس کی راہ کے روڑے ایک طرف کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔ یہ اپنے شوہر کے خوابوں کو اپنے خواب گردانتی ہے اور انہیں حقیقت کا روپ دینے کے لئے شوہر کا بھرپور ساتھ دیتی ہے۔
یہ وفا شعار رفیقہ ٔ حیات ہوتی ہے۔ وہ کبھی اپنے شوہر کا خط نہیں کھولے گی اور نہ ہی اس کے کاروبار ی راز افشا کرے گی۔ اگر آپ غلط راستے پر جارہے ہیں۔ تو وہ اس نرمی سے آپ کو روکے گی کہ آپ محسوس کریں گے جیسے یہ آپ کی اپنی تجویز ہے۔ وہ اپنے بچوں کو سب سے پہلے اپنے باپ کا احترام کرنا سکھائے گی۔
یہ تجزئیے کی حیر ت انگیز صلاحیت رکھتی ہے اور کبھی جذبات میں آکر غلط فیصلہ نہیں کرتی، یہ بہت زیرک، ذہین اور ہر چیز اور نکتے کو تولنے والی ہوتی ہے۔
وہ آپ کی رائے کو بھی اتنی ہی اہمیت دے گی جتنی اپنی رائے کو۔ 
تنہائی سے میزان عورت کو شدید نفرت ہوتی ہے اسے تنہا کام کرنا پسند نہیں اور نہ ہی یہ تنہا زندگی گزارنے کی اہل ہوتی ہے۔
میزان عورت گھر کو سلیقے سے سجاتی ہے۔یہ رکھ رکھائو کی عادی ہوتی ہے ۔ خوبصورت کپڑوں ، مہنگی خوشبویات اور کلاسیکی میوزک سے لگائو رکھتی ہے۔
میزان عورت نسائیت سے بھر پور اور نرم و نازک ہوتی ہے مگر پھر بھی اس میں صنف مخالف کا شائبہ نظر آئے گا۔ وہ مردانہ کپڑے (پتلون وغیرہ) آسانی سے استعمال کرتی ہے اور یہ اس پر سجی بھی ہیں۔ یہ بیک وقت سخت گیر اور نرم خو ہوتی ہے مخمل میں لپٹے ہوئے فولاد کی مانند۔
یہ میٹھی چیزیں شوق سے کھاتی ہیں اور بعض اوقات میٹھے کے بہت زیادہ استعمال سے موٹی ہو جاتی ہیں ۔ لیکن عموماً یہ درمیانے جسم کی مالک ہوتی ہیں ان کے جسم کے خم موجود رہتے ہیں۔ مثلاً برجی باروت کو آپ موٹی نہیں کہہ سکتے لیکن وہ دبلی بھی نہیں ہے۔
کبھی کبھار میزان عورت آپ پر حکم بھی چلاسکتی ہے اور مسلسل بحث سے آپ کے کان بھی کھا سکتی ہے مگر ایسا تبھی ہوگا۔ جب اس کا جذباتی ترازو عارضی طور پر ، توازن کا شکار ہو جائے۔ لیکن جلد ہی وہ معمول پر آ جائے گی۔ آپ ذرا سی محبت اور افہام و تفہیم سے اس کے توازن کو واپس لاسکتے ہیں۔
محبت کے جسمانی اظہار میں یہ آپ کو کسی کمی کا احساس نہ ہونے دیگی۔
کون کیسا رہے گا؟
برج میزان سے تعلق رکھنے والوں کے دوسرے برجوں سے کیسے تعلقات رہتے ہیں اور کس برج کے افراد ان کے بہتر جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں اس بارے میں مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
میزان عورت اور میزان مرد
برج میزان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کسی ایک انتہا پر زندگی گزاریں گے یا تو بہت اچھی یا بہت بری۔ اگر دونوں تھوڑی سی کوشش کریں تو ذہنی طور پر سکون اور جذباتی اعتبار سے محفوظ رفاقت برقرار رکھ سکتے ہیں کیونکہ ان میں بہت سی باتیں مشترک ہوتی ہیں۔
یہ مطالعہ ، موسیقی اور آرٹ کے دلدادہ ہوتے ہیں ۔دونوں ہی خوبصورت ہوتے ہیں اور طبعاً معاونت پسند ہوتے ہیں۔ دونوں خلوت کے اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں اور ان کی جنسی رفاقت کبھی بوریا سرد مہری کا شکار نہیں ہوتی ۔
میزان عورت اور جوزا مرد
یہ رفاقت عموماًخوشگوار رہتی ہے۔ میزان عورت سمجھدار اور پر اعتماد ہوتی ہے اور جوزا مرد کی زندگی میں جو تضادات ہوتے ہیں۔ میزان عورت کو ان پر قابو پانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آتی۔ دونوں فنون لطیفہ کے دلدادہ ہوتے ہیں۔
میزان عورت اور دلّو مرد
دونوں عموماًاچھے جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ دلو مرد اور میزان عورت دونوں ایک دوسرے کے جذبات کا پورا احترام کرتے ہیں۔ میزان عورت روائتی انداز میں کبھی تنقید نہیں کرتی اور نہ ہی خواہ مخواہ لڑائی جھگڑا کھڑا کرتی ہے۔ وہ اپنے گھر کو سکون اور خوشیوں کا گہوارہ دیکھنا چاہتی ہے اور خوش قسمتی سے دلو مرد بھی یہی کچھ چاہتا ہے ۔
دونوں سیرو تفریح کے شوقین ہوتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ زبردست قسم کے فضول خرچ بھی ۔ اس لئے انہیں عموماً مالی مسائل سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے اور یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہتی ہے جب تک دونوں میں سے کوئی کفایت شعاری کی عادت نہ اپنالے۔ ان کی ازدواجی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں لیکن مجموعی طور پر یہ اچھے لائف پارٹنر ہوتے ہیں۔
٭٭٭

No comments:

Post a Comment