سنبلہ چھٹا برج ہے۔ اس کا حکمران سیارہ عطارد ہے جو عقل و دانش اور قوت اظہار کی علامت ہے۔ اس برج کا نشان دوشیزہ ہے اور عنصر مٹی۔
اگرآپ کو کوئی خوش لباس، سلیقہ مند اور نظم وضبط کا پابند مرد نظر آئے تو سمجھ لیں کہ یہ سنبلہ مرد ہے۔ یہ محنتی ذہین اور عمل پسند ہوتے ہیں شیخ چلی کی طرح خواب نہیں دیکھتے جو ارادہ کریں اسے عملی جامہ پہناتے ہیں ہرکام پوری توجہ سے کرتے ہیں تاکہ اچھے نتائج حاصل کرسکیں ۔ یہ اپنے فرائض سے محبت کا جذبہ لے پیدا ہوتے ہیں۔ زندگی کے ہر معاملے میں سلیقے اور قرینے کے قائل ہوتے ہیں طبعاً شرمیلے ہوتے ہیں اور ہجوم سے الگ تھلگ رہنا پسند کرتے ہیں۔
ان کی مثبت خصوصیات میں عمل پسند، اچھی سوچ ، اچھا اخلاق، دیانت داری اور دوسروں کی خدمت شامل ہیں۔ جبکہ منفی خصوصیات میں نکتہ چینی ، بے چینی ، احساس کمتری، مایوسی اور خوف شامل ہیں۔
سنبلہ افراد کی تنقید اور غیر ضروری مشوروں سے دوسرے لوگ ناراض رہتے ہیں۔ تنقید کرتے وقت ان کی نیت بری نہیں ہوتی بلکہ یہ چیز کو بہتر بنانے کے خیال سے تنقید کرتے ہیں۔
محنتی اور ذہین ہونے کے باعث یہ کاروبار یا ملازمت میں آسانی سے کامیابی حاصل کرلیتے ہیں۔ جس کے پاس کام کرتے ہیں اپنی تمام صلاحیتوں کو برئوے کار لاکر اس کے لئے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں اور ان کی قدر کی جاتی ہے مگر یہ خود ملازم رکھیں تو ان سے عموماً خوش نہیں رہتے کیونکہ انہیں دوسروں کے کام پر نکتہ چینی کی عادت ہوتی ہے اور ان کا خیال ہوتا ہے کہ اگر یہ اپنے ہاتھ سے کام کرتے تو زیادہ بہتر انداز میں کرسکتے تھے سنجیدہ اور متین ہوتے ہیں ہر مسئلے کا ہر پہلو فوراً ان کی نظر میں آجاتا ہے۔
محتاط طبیعت کی وجہ سے پھونک پھونک کر قدم اٹھاتے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ چھوٹے سے موقع سے کس طرح فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے پہلی ملاقات میں آپ سے بڑے تپاک سے ملیں گے ۔ اس وقت تک کھلیں گے نہیں جب تک وہ آپ کے بارے میں اچھی طرح جان نہ لیں گے۔
یہ اپنے جذبات کا پُر جوش اظہار چاہتے ہیں اس لئے ان میں سے بعض اچھے اداکارثابت ہوتے ہیں۔ نرم مزاج اور فراخ دل ہوتے ہیں دوسروں کی مدد کرکے راحت محسوس کرتے ہیں۔ یہ مخلص اور ایثار پیشہ ہوتے ہیں۔
سنبلہ افراد فوراً ہی محبت میں مبتلا نہیں ہوتے ۔ ان کا دل نرم کرنا اور اس میں جگہ پانا بھی ایک محنت طلب مرحلہ ہے لیکن جس سے محبت کرتے ہیں اس سے وفادار رہتے ہیں۔
اگر کوئی لڑکی اس کے معیار پر پوری اترے اور یہ اسے جیون ساتھی بنانا چاہے تو اس کے لئے لمبے عرصے تک انتظار کرسکتا ہے تعریف کرکے یا پرکشش ادائیں دکھا کر اسے پھانسا جاسکتا یہ فریب کا شکار نہیں ہوسکتا۔
ان کے پاس بہت دولت ہوتو بھی یہ ذہانت اور احتیاط سے رقم خرچ کرتے ہیں برے وقت کے لئے بچا کررکھتے ہیں ایک مرتبہ کوئی فیصلہ کرلیں تو پھر خواہ کچھ بھی ہو اس کو عملی جامہ پہناتے ہیں۔
یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ چھوٹے سے موقع سے کس طرح فائدہ اٹھایا جائے اگر کبھی کوئی صورت حال انہیں پر اگندہ کردے تو یہ بہت جلد اس سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔
سنبلہ بچے ذہین، پھر تیلے ہوتے ہیں نظم و ضبط پسند کرتے ہیں اور اچھے طالب علم ثابت ہوتے ہیں۔
سنبلہ افراد بہترین والدین ثابت ہوتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں سے بھر پور محبت کرتے ہیں ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں اور اعلیٰ تعلیم دلاتے ہیں۔
وہ بچوں کو ہر کام قرینے اور سلیقے سے کرنے اور اعلیٰ معیار کا طرز عمل اختیار کرنے کا عادی بناتے ہیں انہیں اخلاقیات کے تقاضوں کے مطابق تربیت دیتے ہیں ۔ ان میں انصاف اور رحم دلی کی خصوصیات کو اجاگر کرتے ہیں۔
سنبلہ جھوٹی تعریف پسند نہیں کرتے کسی کی غلطی پر خاموش نہیں رہ سکتے لیکن اگر یہ محسوس کریں کہ ان کی صاف گوئی سے دوسرے کو ٹھیس پہنچی ہے تو اس سے معذرت کرنے میں جھجکتے نہیں۔
یہ جذبات میں بھڑک اٹھنے والے یا بے سوچے سمجھے کام کرنے والے مرد نہیں ہوتے ۔لیکن یہ اپنے اوپر تنقید برداشت نہیں کرتے ۔
سنبلہ افراد کا موافق عدد 5 ہے، پیلے ، نیلے اور سبز رنگ کے تمام شیڈ ان کے لئے موزوں ہیں۔ سعد پتھر پکھراج ہے۔
دوسرے برجوں کے افراد میں سے ان کے تعلقات ثور اور جدّی کے ساتھ بہت اچھے سرطان ، اسد، میزان اور عقرب کے ساتھ اچھے جوزا، قوس اور حوت کے ساتھ غیر یقینی اور حمل و دلو کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔
٭ اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں:۔
٭ ملکہ الزبتھ اول
٭ او۔ہنری (نامور ادیب)
٭ صوفیہ لارین (عالمی شہرت یافتہ اداکارہ)
٭ گریٹا کاربو
٭ لیوٹا لسٹائی (روس سے تعلق رکھنے والا عظیم ادیب، حاجی مراد اور جنگ اور امن جیسے ناولوں کا خالق)
٭ ایچ ۔جی۔ ویلز (نامور ادیب، سائنس فکشن میں ایک نمایاں نام)
٭ مارگریٹ ٹروڈو
٭ پیٹر سیلرز (نامور مزاحیہ اداکار)
٭ انگرڈ برگمین (نامور اداکارہ)
سنبلہ خواتین
سنبلہ خواتین حسین اور صاف وشفاف و خوبصورت آنکھوں کی مالکہ ہوتی ہیں، یہ سنجیدہ ، بردبار اور محتاط طرزِ عمل کی حامل ہوتی ہیں۔
گھریلو کام کاج میں گہری دلچسپی لیتی ہیں۔ کپڑے سینا، سویٹر بننا اور گھریلو استعمال کی چھوٹی چھوٹی چیزیں جن کے لئے دوسرے بازار کا رخ کرتے ہیں۔سنبلہ عورتیں خود ہی انجام دے لیتی ہیں ۔وہ گھر کی آرائش کے معاملہ میں خوش ذوق اور کفایت شعار ہوتی ہیں۔
سنبلہ خواتین عموماً دستکاری میں مہارت کا مظاہرہ کرتی ہیں اور بے کار یا فضول سمجھی جانے والی اشیاء کو استعمال میں لانے کے نئے نئے طریقے سوچتی ہیں۔ عام طورپر انہیں احتراع پسند کہا جاتا ہے۔
یہ اچھا مگر سادہ لباس پہننا پسند کرتی ہیں۔ کوئی سنبلہ لڑکی آپ سے پہلی ملاقات میں کھل نہیں سکتی۔ وہ بہت محتاط ہوتی ہے اگر سنبلہ لڑکی کسی مرد کو چائے کی دعوت دے، تو اس کا مطلب صرف چائے کی دعوت ہی ہے۔
وہ جس کو پسند کرتی ہے اسے پرکھتی اور دیکھتی ہے کہ وہ کیسا ہے اگر وہ اس کے معیار پر پورا نہ اترے تو پیچھے ہٹ جاتی ہے اسے آسانی سے متاثر نہیں کیا جاسکتا۔ تعریف و توصیف اور چاپلوسی اس کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں لاتی۔
سنبلہ عورتوں کو اپنے نسوانی وجود کا احساس ہوتا ہے اس لئے یہ کسی حد تک شرمیلی بھی ہوتی ہیں۔ یہ حقیقت پسند اور قابل اعتماد ہوتی ہیں۔ عورتوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ ہلکے پیٹ کی مالک ہوتی ہیں کوئی راز نہیں رکھ سکتیں سنبلہ عورتوں پر یہ بات صادق نہیں آتی۔ ان پر زندگی کے ہر معاملے میں بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔
یہ بہت ذہین ہوتی ہیں ۔تعلیمی میدان میں یہ "پڑھاکو" ثابت ہوتی ہیں دنیا میںجو خواتین تجرد کی زندگی بسر کرتی ہیں ۔ان میں زیادہ تر تعداد سنبلہ خواتین کی ہوتی ہیں۔ یہ اپنے لئے مکمل اور اچھے ساتھی کے لئے عرصہ دراز تک انتظار کر سکتی ہیں۔
زندگی کے اخلاقی پہلوئوں کے متعلق ان کے فیصلے بہت سخت ہوتے ہیں اور جنسی طور پر یہ جس بات کو صحیح اور غلط سمجھتی ہیں۔اس سے متعلق آپ ان کی رائے تبدیل نہیں کرسکتے ۔
کون کیسا رہے گا؟
سنبلہ خواتین کے لئے کس برج کے مرد اچھے جیون ساتھی ثابت ہوں گے۔ اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
سنبلہ عورت اور سنبلہ مرد
یہ ضروری نہیں ہوتا کہ یکساں شخصیات تعلق کی اچھی مثال بن سکیں لیکن سنبلہ عورت اور مرد کی رفاقت مجموعی طورپر بعض اختلافات کے باوجود خاصی خوشگوار رہتی ہے۔
ان دونوں کے درمیان رفاقت کی کامیابی کا انحصار ان کی اس صلاحیت پر ہے کہ یہ ایک دوسرے کے آئینے میں اپنی خامیوں کا عکس دیکھ کر انہیں درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں یا نہیں اور اس طرح ایک دوسرے کی خوبیوں سے آگاہ ہوتے ا ور ان کا اعتراف کرتے ہیں یا نہیں۔اگر یہ ایک دوسرے کی مثبت خصوصیات کو سامنے رکھیں، تو یہ رفاقت کامیاب ہوسکتی ہے۔
سنبلہ مرد اور عورت تنقید پر بہت جلد تیار ہو جاتے ہیں اور ایک دوسرے کی خامیاں گنوانے میں کسی تکلف سے کام نہیں لیتے۔ جس کے باعث اختلافات جنم لیتے ہیں۔
اچھی ازدواجی زندگی کے لئے ان دونوں کو اس معاملے میں محتاط رہنا ہوگا اور ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا۔
سنبلہ عورت اور ثور مرد
سنبلہ عورت میں کئی خوبیاں ہوتی ہیں جنہیں ثور مرد پسند کرتا ہے ۔ مثلاً سنبلہ عورت حسین اور نفاست پسند ہوتی ہیں۔ ثور مرد حسن و نفاست پر جان دیتا ہے ۔
سنبلہ عورت بات کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرتی ہے جبکہ ثور مرد غور وفکر کی بجائے محسوس کرتا ہے کہ کیا غلط ہے اور کیا درست اور پھر اس پر سختی سے عمل کرتا ہے لہذا دونوں میں معمولی قسم کے اختلافات ہوتے ہیں، مگر عارضی۔
دونوں خوشگوار زندگی بسر کرتے ہیں دکھ سکھ کے اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کی قربت بڑھتی چلی جاتی ہے ۔ان کا زندگی سے متعلق نکتہ نظر اور معاشی رویہ ایک سا ہوتا ہے۔
سنبلہ عورت اور جدی مرد
یہ رفاقت بھی خوشگوار رہتی ہے۔
دونوں کے ما بین شدید جسمانی دلکشی پیدا ہوسکتی ہے اور معاشی معاملات میں یکساں رویہ بھی ان کے تعلقات کو مضبوط کرسکتا ہے جدی مرد گھر کے معاملات میں دلچسپی لیتا ہے اور سنبلہ عورت کی ذہنی صلاحیتوں کا معترف ہوتا ہے۔
جدی مرد مستقل مزاجی سے اپنے مقصد کے حصول میں لگا رہتا ہے اور اس معاملے میں سنبلہ عورت اس کی مدد کرتی ہے کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ مرد کا مستقبل دونوں کے لئے اہم ہے۔ یہ ایک اچھا جوڑا ثابت ہوتا ہے ۔
سنبلہ عورت اور عقرب مرد
یہ پارٹنر شپ بھی عموماً کامیاب رہتی ہے۔
سنبلہ عورت اور عقرب مرد میں یہ قدر مشترک ہے کہ دونوں جس سے محبت کرتے ہیں ۔بس اسی کے ہوکر رہ جاتے ہیں۔
سنبلہ عورت ، عقرب مردکے فیصلوں کا احترام کرتی ہے کیونکہ وہ اس پر مکمل اعتماد کرتی ہے اور عقرب مرد بھی اس کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاتا اور اس سے کبھی بے وفائی نہیں کرتا، وہ طبعاً دیانتدار اور وفا شعار ہوتا ہے۔
مالی معاملات میں دونوں کی سوچ ایک جیسی ہے ۔دونوں ہی بچت کو پسند کرتے ہیں دونوں اچھے جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں ہلکے پھلکے جھگڑے تو چلتے ہی رہتے ہیں۔
سنبلہ عورت اور سرطان مرد
یہ رشتہ کچھ زیادہ کامیاب نہیں ہوتا ۔
سنبلہ عورت ہر بات کو منطق اور دلیل کی کسوٹی پرپرکھتی ہے جبکہ سرطان مرد کا پیمانہ جذبات ہوتے ہیں۔
سنبلہ عورت سمجھدار اور بردبار ہوتی ہے اور وہ عموماً سرطان مرد کے پل پل بدلتے مزاج کو سمجھ نہیں پاتی ۔ مالی معاملات میں احتیاط برتنا دونوں میں قدر مشترک ہے۔
No comments:
Post a Comment