دلو گیارہواں برج ہے۔ اس کا نشان مشکیزہ بردار اور عنصر ہوا ہے حاکم سیارہ زحل ہے۔
دلو افراد انسان دوست، ہمدرد اور مخلص ہوتے ہیں۔ ان کی سوچ کا کینوس بہت وسیع ہوتا ہے۔ یہ عموماً پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے سوچتے ہیں۔ یہ سب کے لیے ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ایسی باتیں انہیں بہت جلد اپنی طرف متوجہ کرلیتی ہیں۔ جن میں اقوام کی روحوں کی افراد کی انسانیت کی فلاح مضمر ہے۔
ان میں چیلنج قبول کرنے اور ان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ آگے بڑھنے کی نئی اور انوکھی راہیں ڈھونڈھتے ہیں۔ ایسے کام کرتے ہیں۔ جو بظاہرنا ممکن دکھائی دیتے ہیں۔ مگر یہ اپنی جہد مسلسل سے اسے پائیہ تکمیل کو پہنچاتے ہیں۔ ایسے کام کرتے ہوئے ان کا مطمع نظر شہرت نہیں ہوتی۔ بلکہ یہ کامیابی اور صرف کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ایسے دلو افراد جن پر منفی خصوصیات غالب ہوں، اپنے معاملات میں الجھن پیدا ہونے پر پریشان ہوجاتے ہیں اور ان کے مزاج میں چڑچڑاپن بھی ہوسکتا ہے۔
یہ اپنے خوش آئند اور بلند تخیلات کی نسبت جب حقائق کو مایوس کن دیکھتے ہیں تو ذہنی طور پر مضطرب ہوجاتے ہیں اور ہر شئے سے بے زاری کا اظہار کرنے لگتے ہیں۔
دلو افراد اپنے جذبات کے سچے اظہار میں بخل سے کام لیتے ہیں۔ یہ عموماً اپنے دل کی بات دوسرے پر ظاہر کرنے کی بجائے چھپانا بہتر سمجھتے ہیں۔ یہ متجسس طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ کوئی بات ان سے جتنی چھپائیں گے یہ اتنا ہی کھوج میں رہیں گے۔
ان کا عنصر ہوا ہے۔ یہ خوش مزاج، ذہین، انسانی رشتوں کے اسیر اور رابطوں کے خواہاں ہوتے ہیں۔ یہ مردم بیزار نہیں ہوتے۔ انسانوں میں رہنا اور ان کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
یہ ماحول کہ پلک جھپکنے میں خوشگوار بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس طرح ہوا موسم کو لمحہ بھر میں خوشگوار بنا سکتی ہے۔
ان کا حاکم سیارہ زحل ہے جو اپنے گردموجود ہالوں کی وجہ سے ایک پر اسرار حسن رکھتا ہے۔ زحل مسائل کو حل کرنے، مشکلات دور کرنے اور عقل و دلیل کا سیارہ ہے اور برج دلو کے افراد مسائل حل کرنے میں خاص دلچسپی لیتے ہیں۔
وہ ایسی ایجادات کر سکتے ہیں جن سے لوگوں کی مشکلات دور ہوسکیں۔ بہت سے نامور سائنسدان اس برج سے تعلق رکھتے ہیں۔
مشکیزہ بردار دلو کا نشان ہے۔ مشکیزے سے بہنے والا پانی عقل، علم اور محبت کے اس بہائو کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ جو انسانیت کے لیے باعث فخر ہے۔
برج دلو سے تعلق رکھنے والا فرد ہر ایک کا دوست ہوتا ہے۔ وہ اپنے بدترین دشمن کا ذکر بھی میرا دوست کہہ کر کرتا ہے۔ لہذا جب کبھی دلو فرد کسی کو اپنا دشمن کہے تو سمجھ لیجیے کہ اس کے پس پشت کوئی بہت اہم بات ہی ہوسکتی ہے۔
ان میں بلا کی قوت برداشت ہوتی ہے۔
دلو افراد نئے نظریات کا خیر مقدم کرنے والے ہوتے ہیں۔ وہ ہر نظریے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہیں۔ یہ برے اچھے پیش بین ہوتے ہیں اور ترقی کی موجودہ رفتار سے آئندہ کا اندازہ لگانے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتے ہیں۔
یہ ایسے لوگوں میں اٹھنا بیٹھنا پسند کرتے ہیں جو ذہین اور وسیع القلب ہوں۔ یہ تخیل پرست بھی ہوتے ہیں اور اپنی غلطی مشکل ہی سے تسلیم کرتے ہیں۔
یہ شادی میں عجلت کے قائل نہیں ہوتے اور اکثر تاخیر سے یہ کام انجام دیتے ہیں۔ یہ دوستی کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور طبعاً قابل اعتماد ہوتے ہیں۔
یہ محبت میں گرفتار ضرور ہوتے ہیں۔ مگر کالی زلفیں، نشیلی آنکھیں اور بے پناہ حسن انہیں اتنا متاثر نہیں کرتا کہ اس کی محبت میں پھنس جائیں۔ یہ حسن کو سراہتے ضرور ہیں لیکن حسن کو اپنی محبت کی بنیاد قرار نہیں دیتے یہ حسن کی بجائے ذہانت کو پسند کرتے ہیں۔
ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا جیون ساتھی ایسا ہو جو کوئی ایسی صلاحیت رکھتا ہو یا کامیابی حاصل کرچکا ہو جو ان کے لیے باعث فخر ہو۔ یہ اپنی پہلی محبت کو کبھی فراموش نہیں کر پاتے۔
دلو افراد کا موافق عدد 4 ہے۔ آسمان رنگ اور بنفشی رنگ ان کے لیے سود مند ہیں۔
اوپل اور نیلم ان کے لیے سعد پتھر ہیں۔
دوسرے برجوں کے افراد میں ان کے تعلقات میزان اور جوزا کے ساتھ بہت اچھے، حمل اور قوس کے ساتھ اچھے، ثور، اسد اور عقرب کے ساتھ غیر یقینی اور سرطان، سنبلہ، جدی اور حوت کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔
اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں۔
٭ نکولس کو پرنیکس (بابائے جدید فلکیات)
٭ گلیلیو (نامور سائنسدان)
٭ ٹامس الوا ایڈیسن (مشہور موجد، بجلی کا بلب ایجاد کرنیوالا)
٭ رونالڈ ریگن (موجودہ امریکی صدر)
٭ ٹیلی سوالس (نامور اداکار)
٭ کلارک گیبل (نامور اداکار)
٭ شہزادی کیرولین آف مناکو
٭ چارلس ڈارون (نظریہ ارتقا پیش کرنے والا)
٭ سمرسٹ ماہم (مشہور ڈرامہ نگار)
دلو خواتین
دلو عورت خوبصورت اور پیاری ہوتی ہے۔ لیکن اگر کوئی دلو عورت خوبصورت نہ ہو تو بھی وہ اپنے اندر ایک عجیب سی کشش ضرور رکھتی ہے۔ یہ کھلے دل و دماغ کی عورت ہوتی ہے۔ حسد کا مادہ اس میں بہت کم ہوتا ہے۔ جس طرح ہوا یکدم چلنے سے موسم خوشگوار اور بند ہونے سے ناخوشگوار ہو جاتا ہے۔ اس طرح دلو عورت کا موڈ لمحہ بھر میں بدل جاتا ہے۔ وہ یکدم خوش سے افسردہ ہوسکتی ہے۔
ذہنی اعتبار سے دلو عورت بہت توانا اور تخلیقی صلاحیتوں کی مالکہ ہوتی ہے۔ یہ انسانی اعضاء میں دماغ کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے اور اپنے دل کی بجائے دماغ سے کام لیتی ہے۔ کوئی رائے قائم کرنے یا فیصلہ کرنے میں اکثر شش وپنج کا شکار ہوتی ہے لیکن جو فیصلہ کرے اس پر ڈٹ جاتی ہے۔ اس میں اپنی بات منوانے کی بھی حیرت انگیز صلاحیت ہوتی ہے۔
دلوخواتین کی صفات کچھ یوں ہیں۔
ایثار کرنے والی، منفرد عادات رکھنے والی، نیک دل، خود اعتمادی کا پیکر، وسیع النظر، اپنی رائے رکھنے والی، انکسار پسند، دوست پسند، موڈی، اصلاح پسند، سچی اور مہذب۔
دلو خواتین میں مستقل بینی کی خاص صلاحیت ہوتی ہے۔ ان کا وجدان بہت تیز ہوتا ہے۔ وہ مستقبل کے بارے میں جو کہے وہ عموماً درست ثابت ہوتا ہے۔ یوں کہہ لیجیے کہ اس میں کچھ کچھ ساحرانہ صلاحیتیں ہوتی ہیں۔
اگر آپ کسی دلو عورت سے شادی کرنا چاہتے ہیں تو ذہن میں رکھیں کہ اس کے ساتھ آپ کی ازداوجی زندگی تبھی خوشگوار رہ سکتی ہے کہ آپ اس کے مشاغل اور سہیلیوں سے میل جول وغیرہ میں روک ٹوک نہ کریں اور اسے باورچی خانے تک محدود رکھنے کی خواہش نہ کریں۔ دلو عورت شخصی آزادی کی قائل ہوتی ہے اور جو مرد اس بات کا خیال رکھتے ہیں۔ اس سے یہ بے پناہ محبت کرتی ہیں۔
دلو عورت کا اس بات پر یقین ہوتا ہے کہ آج کی پریشانی اور مایوسی کل کی خوشی میں بدل جائے گی۔ محبت میں بھی وہ اس نظریے کے قائل ہوتی ہے۔ کسی دوسرے برج میں آپ کو ایسی ایماندار، سچی اور بااعتماد عورت نہیں ملے گی۔ وہ گھر میں جھگڑا پسند نہیں کرتی۔ سکون پسند ہوتی ہے۔ خوش مزاج اور خوش اطوار ہوتی ہے۔ اگر اسے آپ کی کسی چھوٹی سی خوشی کے لیے گھنٹوں پریشان رہنا پڑے۔ تب بھی اس کی کوشش یہی ہوگی کہ آپ کو وہ خوشی مل جائے۔
دلو عورت محبت میں سچی ہوتی ہے۔ وہ بہترین بیوی ثابت ہوتی ہے اسے شک کرنے کی عادت نہیں ہوتی۔ لیکن اگر آپ اس کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں تو یہ اس کی حساس فطرت پر گہرا زخم ہوگا اور وہ خاموشی سے آپ کی زندگی سے نکل جائے گی۔
دلو عورت خود کو ماحول اور حالات سے ہم آہنگ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر وہ کسی چیز کی خواہش کرے اور اس کے حصول میں ناکام رہے تو مایوس یا چڑ چڑی نہیں ہوتی۔ وہ اپنی تمام کمزوریوں اور خوبیوں کو جانتی ہے۔ وہ دوسروں سے سیکھنا اور حاصل کرنا جانتی ہے۔
یہ ذہین ہوتی ہے اور مشکل حالات سے نپٹنا جانتی ہے۔ یہ دور تک سوچ سکتی ہے۔ اس کی سوچ کا سفر ہوا کی مانند ہوتا ہے۔ پل بھر سے یہاں سے وہاں تک پہنچ جاتی ہے۔ پریشانی کی حالت میں یہ بالکل تنہا رہنا پسند کرتی ہے۔ ایسی حالت میں اس کا ذہن ایک لمبی راہداری کی مانند ہوتا ہے۔ جس میں یہ تنہا ٹہلنا پسند کرتی ہے۔
برج دلو سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے کن برجوں کے مرد اچھے جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
کون کیسا رہے گا؟
اس ضمن میں مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
دلو عورت اور دلو مرد
برج دلو سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں اچھے لائف پارٹنر ثابت ہوسکتے ہیں۔ دونوں زندگی میں مساوات اور شخصی آزادی کے قائل ہوتے ہیں دوسروں کی مدد کرنے سے متعلق ان کے خیالات ایک سے ہوتے ہیں۔ باقی رہے ہلکے پھلے اختلافات تو وہ زندگی کا حصہ ہوتے ہیںمجموعی طور پر یہ ایک اچھا جوڑا ہے۔
دلو عورت اور جوزا مرد
یہ ایک مثالی جوڑا ہوتا ہے۔
دلو عورت اور جوزا مرد پہلی ہی ملاقات میں ایک دوسرے کے اسیر ہوسکتے ہیں۔ جوزا مرد اپنی ذہانت اور خوش مزاجی سے دلو عورت پر چھا جاتا ہے۔ یوں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ ذہنی اعتبار سے دونوں ایک ہی سطح کے ہوتے ہیں۔ ان میں جذباتی پن نہیں ہوتا۔ ہر بات کو ٹھنڈے دل سے لیتے ہیں۔ جوزا مرد کی زندگی کے جو دو رخ ہوتے ہیں۔ دلو عورت ان سے بخوبی نمٹ سکتی ہے۔ یہ دوسروں کے لیے ایک قابل رشک جوڑا ہوتا ہے۔
دلو عورت اور میزان مرد
میزان مرد پر کشش شخصیت کا مالک ہوتا ہے اور دلو عورت اپنے اندر ایک خاص جنسی کشش رکھتی ہے۔ میزان مرد اپنی جیون ساتھی کو شخصی آزادی دینے کا قائل ہوتا ہے اور یہ بات دلو عورت کے لیے باعث مسرت ہوتی ہے۔
دلو عورت میں حسد کا مادہ نہیں ہوتا۔ اس لیے وہ ان عورتوں کو نظر انداز کردیتی ہے۔
جو میزان مرد کے حلقہ احباب میں شامل ہوتی ہیں۔ دونوں اپنے گھر کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
یہ ایک اچھا جوڑا ہے۔
دلو عورت اور حمل مرد
حمل مرد میں بہت سی ایسی خوبیاں ہوتی ہیں۔ جو دلو عورت اپنے ہمسفر میں دیکھنا چاہتی ہے۔ حمل مرد حقیقت پسند ہوتا ہے اور ہر جگہ نمایاں اور اول آنے کی کوشش کرتا ہے۔
دلو عورت اس کی ان کوششوں کو عملی جامہ پہنانے میں حمل مرد کی مدد کرسکتی ہے۔ مجموعی طور پر ایک اچھی جوڑی ثابت ہوتی ہے۔ بشرطیکہ معمولی اختلافات کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے۔
دلو عورت اور ثور مرد
اگر کوئی دلو عورت اپنی زندگی کو تلخیوں کا شکار بنانا چاہتی ہے تو اسے ثور مرد سے شادی کر لینی چاہیے۔ یہ جوڑا عموماً ناکام ثابت ہوتا ہے۔ اگر یہ کسی حسین اتفاق کے نتیجے میں ایک دوسرے کے نزدیک آجائیں تو بس پھر شروع۔
ثور مرد عیش و آرام پسند کرتا ہے۔ جبکہ دلو عورت چیلنج پسند ہوتی ہے۔ نظریات و خیالات میں عدم یکسانیت کے باعث وقت کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان حائل خلیج وسیع تر ہوتی جاتی ہے۔ جسے پاٹنا ان کے بس سے باہر ہوتا ہے۔
٭________________٭
No comments:
Post a Comment