Thursday, March 15, 2018

برجعقرب (خواتین اور ازدواجی زندگی

عقرب آٹھواں برج ہے ۔ اس کا حاکم سیارہ مریخ ہے۔ نشان بچھو اور عنصرپانی ہے۔
جین ڈکسن لکھتی ہیں۔
عقرب افراد توانائی سے بھر پور ، جرأت مند، اولوالعزم اور اعلیٰ درجے کے تخلیق کار ہوتے ہیں۔ یہ قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور بلاشبہ انہیں پیدائشی قائد قرار دیا جاسکتا ہے۔
ایسی صورت میں جب عقرب فرد ۲۸ اکتوبر اور ۱،۱۰ یا ۱۹ نومبر کو پیدا ہوا ہو تو اس میں یہ خصوصیات شدت کے ساتھ ہوتی ہیں ۔وہ ہر قسم کے چیلنجوں کا نہایت دلیری اور ذہانت سے مقابلہ کرتا ہے۔
عقرب افراد ہمیشہ دو ٹوک بات کرتے ہیں ان کا جواب ہاں یا نہ میں ہوتا ہے۔بیشتر افراد خواہ کاروباری معاملات ہوں یا رومانس کی باتیں صاف اور کھری باتوں کی بجائے چکنی چپڑی باتیںاور خوشامد پسند کرتے ہیں۔ جبکہ عقرب افراد بے باک ہوتے ہیں۔ اس لئے بعض اوقات دوسروں سے تعلقات بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔
عقرب لوگ عموماً انتہا پسند ہوتے ہیں۔ اگر کسی کام کو کرنے کا فیصلہ کرلیں تو پھر پیچھے نہیں ہٹتے اور کسی رکاوٹ کو اپنے راستے میں حائل نہیں ہونے دیتے۔
یہ مشکل ہی سے اپنی رائے بدلنے پر تیار ہوتے ہیں۔ یہ طویل اور صبر آزما جدوجہد کے عادی ہوتے ہیں۔ نامساعد حالات میں بھی نہیں گھبراتے اور نہ ہی ہمت ہارتے ہیں۔ یہ ایسے کام بھی کر گزرتے ہیں جن میں دوسرے ہاتھ ڈالتے ہوئے گھبراتے ہیں۔
ملازمت یا کاروبار میں یہ افراد انتہا پسندی اور کام پورا کرنے کے جذبہ کے تحت دوسروں پر فوقیت حاصل کرلیتے ہیں۔ اپنے کام میں مہارت رکھنے کے باعث ساتھیوں میں عزت واحترام اور مقبولیت بھی انہی کے حصے میں آتی ہے۔ ان میں انتظامی صلاحیتیں دوسروں کے مقابلہ میں زیادہ ہوتی ہیں۔
یہ جو فیصلہ کریں۔اس پر ڈٹ جاتے ہیں۔ کوئی شخص ان کی سوچ کو بدل نہیں سکتا۔
مفاہمت پسند نہیں ہوتے۔ خوشامد اور چاپلوسی سے بھی ان کو باز نہیں رکھا جاسکتا ۔ دوسرے لفظوں میں وہ ناقابل تسخیر ہوتے ہیں اور اس بات کی پرواہ نہیں کرتے کہ دوسرے ان کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔
یہ اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں ۔ ان میں سے ایسے لوگ جو تخلیقی کام میں لگ جائیں ۔مزاج کی شدت کی وجہ سے اپنے کام میں مہارت حاصل کرلیتے ہیں۔
لنڈا گڈ مین کہتی ہیں۔
میرا ایک مشورہ یاد رکھیں کہ کبھی کسی عقرب فرد کی توہین نہ کریں اگر یہ کسی سے ناراض ہو جائیں تو اسے آسانی سے معاف نہیں کرتے اور اگر مشتعل ہو کہ انتقام لینے کی سوچ لیں تو پھر ان سے کچھ بھی بعید نہیں۔ ایسی صورت میں یہ انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیں کرتے۔
عقرب لوگ متجسس ذہن اور دل کی گہرائیوں میں جھانکنے والی آنکھوں کے مالک ہوتے ہیں۔ ان کی نظریں دل میں اترتی محسوس ہوتی ہیں اور مخاطب ان کی نظروں کی تاب نہیں لاسکتا۔
یہ ہر معاملے کی تہہ کو پہنچ جاتے ہیں انکے سامنے جھوٹ بولنا آسان کام نہیں ۔ اس برج کے جو افراد ۳۱، اکتوبر، ۴یا ۱۳ نومبر کو پیدا  ہوئے ہوں۔تحقیق وتفتیش کے میدان میں کامیابی حاصل کرتے ہیں ۔وہ اچھے سراغ رساں ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن منفی کردار رکھنے والے افراد دولت حاصل کرنے کے لئے ہر کام کر گزرتے ہیں۔ وہ غیر قانونی کاروبار ، جرائم ، عیار اور مکاری کے کاموں میں ملوث ہو جاتے ہیں۔
یہ بظاہر بڑے پر سکون اور مطمئن نظر آتے ہیں۔ لیکن بیاطن بہت پر جوش ہوتے ہیں ۔ ان کی ذات ایک طوفانی سمندر کی مانند ہوتی ہے۔
جین ڈکسن کہتی ہیں۔
عقرب بچے اس عظیم اور وسیع دنیا میں خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنے یا حقائق تسلیم کرنے میں اکثر پر یشانی محسوس کرتے ہیں کیونکہ وہ طبعاً راسخ مزاج ہوتے ہیں۔
انہیںاجتماعی سرگرمیوں میں شریک کرکے اور ان پر خصوصی توجہ دے کر اورشفقت و پیارسے ماحول کے مطابق ڈھالا جاسکتا ہے کیونکہ بظاہر ان کی شخصیت کا خول نہایت سخت ہوتا ہے۔مگر بیاطن نہایت نرمی برتنے والے اور محبت کرنے والے ہوتے ہیں۔
ان میں رقابت کا رجحان شدید ہوتا ہے۔ جسے باربار کی یقین دہانیوں سے کم کیا جاسکتا ہے۔
عقرب افراد کا خوش قسمتی کا عدد ۹ ہے۔ سرخ ، گہرا برائون اور عنابی رنگ موافق رنگ ہیں۔ پکھراج ، نگینہ اور عقیق ان کے لئے سعد پتھر ہیں۔ دوسرے برجوں کے افراد میں سے ان کے تعلقات حوت اور سرطان کے ساتھ بہت اچھے سنبلہ ، میزان، جدی اور قوس کے ساتھ اچھے دلو ، اسد اور ثور کے ساتھ غیر یقینی اور حمل اور جوزا کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔ 
اس برج کی چند اہم شخصیات یہ ہیں۔
پبلو پکا سو (دنیا کا نامور مصور)
جواہر لال نہرو (بھارت کا وزیر اعظم)
رچرڈ برٹن (نامور اداکار)
مادام کیوری (خاتون سائنسدان۔ ریڈیم دریافت کرنے والی)
اندرا گاندھی (بھارت کی موجودہ خاتون وزیر اعظم)
کیتھرئن ہپ بر ن (نامور اداکار اکیڈمی ایوارڈ یافتہ)
مارٹن لوتھر (عیسائیت کا بہت بڑا مصلح)
تھیوڈ ر روز ویلٹ (امریکہ کے سابق صدر)
عقرب خواتین
عقرب خاتون ایک خوبصورت ساحرہ ہے ۔ اس کا حسن اپنے اندر گہرائی اور پر اسرار ریت رکھتا ہے۔ وہ مقناطیسی، مغرور اور مکمل طور پر بااعتماد شخصیت ہوتی ہے لیکن اس کے دل میں ہمیشہ ایک خلش جاگزین رہتی ہے کہ وہ مرد کیوں نہ ہوئی۔ لاشعوری طور پر اس کے لئے مرد ہونا قابل ترجیح ہے۔
قدرت نے اسے ایسی طلسماتی صلاحیت دی ہے کہ وہ آپ کو چٹکی بجاتے مسحور کرسکتی ہے۔ اس کے طلسم سے بچنا مشکل ہے ۔
اس کی خوبصورت اور مخاطب کے دل میں اتر جانے والی آنکھیں آپ کے ذہن کو آسانی اور واضح طور پر پڑھ لیتی ہیں۔ یوں کہہ لیجئے کہ وہ ایک ایکسرے مشین کی مانند ہے۔ اس لئے آپ کو نصیحت ہے کہ کسی عقرب لڑکی سے فلرٹ کرنے کی کوشش مت کریں۔
ایسے مرد جو پر عزم ، حوصلہ مند ، ذہین اور مردانہ خوبیوں وجاہت کے مالک نہ ہوں ان کے لئے لنڈا گڈ مین کا مشورہ ہے کہ عقرب خواتین کی طرف بڑھنے سے باز رہیں۔ یہی ان کے لئے بہتر ہوگا۔ کیونکہ عقرب عورت مرد کی کمزوری کو معاف نہیں کرسکتی۔ وہ ایک ایسا ساتھی چاہتی ہے جو اس پر حکومت کرسکے اور جس پر وہ فخر کرسکے ، جو ذہین اور سپر مین کا سا امیج رکھتا ہو۔
عقرب لڑکی کو آپ رنگ برنگی باتوں سے دام محبت میں گرفتار نہیں کرسکتے۔ یہ دوستوں کا انتخاب بڑی احتیاط سے کرتی ہے اور جس سے دوستی کرے نبھاتی ہے اگر عقرب خاتون آپ سے محبت کرتی ہے تو خواہ آپ کی اس سے شادی ہو یا نہ ہو، وہ آپ سے محبت کرتی رہے گی۔
اگر آپ کو کسی عقرب لڑکی کی قربت حاصل ہے تو یقین کرلیجئے کہ آپ ایک غیر معمولی آدمی ہیں اور آپ کو یہ بھی تسلیم کرلینا چاہیے کہ کوئی اور عورت آپ سے اس طرح محبت نہیں کرسکتی۔
عقرب خواتین کبھی کسی چیز میں معمولی دلچسپی نہیں لیتی ہیں وہ نفرت یا پرستش سے کسی ایک کی قائل ہوتی ہیں۔
وہ ہر شخص کے اندر جھانک سکتی ہے اور آپ کو بتا سکتی ہے کہ اس پر بھروسہ کرنا چاہیے یا نہیں۔
یہ بہت شکی ہوتی ہیں اور بعض اوقات بے بنیاد باتوں پر بھی شک کرلیتی ہیںلیکن آپ کو مشورہ ہے کہ کبھی عقرب عورت پر شک نہ کریں۔
عقرب خواتین طاقت یا اقتدارکو پسند کرتی ہیں اور اس کے لئے بہت کچھ قربان کردیتی ہیں۔اپنے مقصد کے حصول کے لئے وہ تکلیفوں کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔
عقرب عورت اپنے گھر کی مفلسی سے لڑے گی یا پھر اپنے خول میں سمٹ جائے گی بظاہر مطمئن مگر اندر سے نا آسودہ رہے گی۔
عقرب خاتون سے جیتنا مشکل بلکہ بہت مشکل ہے۔ وہ حاکمیت پسند کرتی ہے محکوم بن کر نہیں رہتی۔آپ اس سے ایک دن بات نہیں کریں گے وہ پورا مہینہ آپ سے بات نہیں کریگی۔
آپ اس سے ایک جھوٹ بولیں گے۔ وہ آپ سے دس جھوٹ بولے گی۔
لیکن نجی زندگی میں کتنے ہی جھگڑے ہوں ۔لوگوں کے سامنے ہمیشہ وہ آپ کا دفاع کرے گی اور کبھی اس بات کو برداشت نہیں کرے گی کہ کوئی آپ کی توہین کرے۔
اگر کسی عقرب لڑکی سے آپ کی دوستی ہے تو یا د رکھیں کہ اسے کوئی بھی کم درجے کی چیز گوارہ نہیں ہوگی۔ وہ آپ سے توقع رکھے گی کہ آپ کے مقاصد اعلیٰ وارفع ہوں۔
کون کیسا رہے گا؟
برج عقرب کی خواتین کے لئے کن برجوں کے افراد اچھے جیون ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔
اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
عقرب عورت اور عقرب مرد
یہ پارٹنر شپ کامیاب ثابت ہو سکتی ہے اور ناکام بھی۔
اگر عقرب مرد اپنے ہی برج سے تعلق رکھنے والی عورت کو جیون ساتھی بنانا چاہتا ہے تو اپنے غصے کو کنٹرول کرنا شروع کردے۔ عقرب عورت کے ساتھ عقرب مرد کے اختلافات اکثر رہتے ہیں۔ لیکن عقرب عورت ان اختلافات کو گھر سے ہر گز نہیں نکلنے دیتی۔
دوستوں کو پتہ بھی نہیں چل سکتا کہ میاں بیوی میں لڑائی ہوئی ہے۔ اس شادی کی کامیابی کے لئے سب سے ضروری بات یہ ہے کہ عقرب مرد کبھی عقرب عورت کو حسد کا موقع نہ دے۔
عقرب عورت اور سرطان مرد
یہ پارٹنر شپ بے حد کامیاب رہتی ہے۔
ان دونوں کی خوب نبھتی ہے ۔ دونوں شرافت ، وفاداری اور احترام جذبات کی صفات سے مزین ہوتے ہیں۔
عقرب عورت اختیارات سنبھالنا پسند کرتی ہے اور سرطان مرد یہ ذمہ داری بخوشی اسے سونپ دیتا ہے ان دونوں کیلئے گھر بے پناہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
دونوں خلوت کے اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔
عقرب عورت کی ایک بڑی خامی حسد کرنا ہے لیکن سرطان مرد اسے اس کا موقع ہی نہیں دیتا۔
عقرب عورت اور حوت مرد
عقرب عورت ، حوت مرد سے ملتے ہی محسوس کرتی ہے کہ یہی وہ شخصیت ہے جس کا وہ انتظار کررہی تھی۔
حوت مرد، عقرب عورت کو انتہائی دلکش لگے گا۔ حوت مرد کامیابی کی سیڑھیاں بڑی جلدی چڑھ جاتے ہیں۔ وہ ان لوگوں میں سے نہیں ہوتے ، جو چھوٹی اور معمولی باتوں پر ناراض ہوتے ہیں۔
حوت مرد قناعت پسند ہوتا ہے اور ہر قسم کے حالات میں رہ سکتا ہے۔ وہ انسانی مزاج اور نفسیات کو خوب سمجھتا ہے اور اس کی یہی خوبی محبت کے شعبے میں خوب کام آتی ہے۔ یہ ایک قابل رشک پارٹنر شپ ہوتی ہے۔
٭٭٭

No comments:

Post a Comment